لاہور ( ویب ڈیسک)چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات کو ملکی خارجہ پالیسی کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے روابط باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور مستقبل پر مبنی تعاون پر استوار ہیں۔
لاہور میں چیئرمین سینیٹ سے امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی، جس میں پاک امریکہ تعلقات، تجارتی روابط، سرمایہ کاری، پارلیمانی تعاون، وفود کے تبادلوں اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران یوسف رضا گیلانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار پر اعتماد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی پر فخر ہے، جنہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان براہِ راست رابطے کے لیے ایک اہم موقع فراہم کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، معدنیات، صحت، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار اور پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے۔ انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے آئی ٹی، زراعت، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان اپریل اور مئی 2025 کی کشیدگی کے بعد جنگ بندی کی مفاہمت میں امریکی کردار کو سراہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلقات کا خواہاں ہے، تاہم قومی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کو دباؤ اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا خطے کے امن، استحکام اور کروڑوں پاکستانیوں کی غذائی و معاشی سلامتی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ بین الاقوامی قوانین کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور امریکہ کے قانون ساز اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور دونوں ممالک کے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے جبکہ امریکی جامعات میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید فروغ دیتے رہیں گے۔



