لاہور ( ویب ڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز کو متعدد مقامات سے بند رکھا گیا۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم 3 فیض پور سے درخانہ ، موٹر وے ایم 4پنڈی بھٹیاں سے ملتان، ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 بھی دھند کی وجہ سے بند رکھی گئی۔
موٹر وے پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے ڈرائیورز لین ڈسپلن کی سختی سے پابندی کریں، سفرکرنے والے شہریوں کو مشورہ دیاگیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفرکو ترجیح دیں کیونکہ دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس نے ڈرائیور حضرات کیلئے ہدایات جاری کی ہیںکہ فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ موٹروے پولیس نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ رہنمائی یا مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 18 دسمبر تک کیلئے بارش اور برف باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا ،کوہستان، گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری متوقع ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 15 دسمبر تک مغربی ہوائوںکا سلسلہ شمالی و مغربی علاقوں میں اثر انداز ہوگا، موسمی صورتحال کے باعث دھند کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے، میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش، پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، کوہستان، بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میںشدید برفباری ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں اور آزادکشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان ہے، پہاڑی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر اور بعض مقامات پرسڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔کوئٹہ، زیارت، شمال مغربی بلوچستان کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش، پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
شمالی علاقوں میں متعدد مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی برفباری متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سیاح اور مسافر پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریزکریں۔دوسری طرف پنجاب کے مختلف اضلاع میں فضائی آلودگی میں شدت آگئی۔عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق بہاولپور میں پارٹیکولیٹ میٹر کی تعداد 687، فیصل آباد میں 488، پشاور میں 450، گوجرانوالہ میں 293 اور لاہور میں 191ریکارڈ کی گئی۔



