اسرائیل کے فلسطین، لبنان پر حملے، صحافیوں سمیت 7شہید
غزہ، بیروت (ویب ڈیسک ) مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف پناہ گزین کیمپوں میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید ہو گئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ایک نوجوان کو بیت اللحم کے جنوب میں اسرائیلی فوج نے پیٹ میں گولی ماری۔ خبر رساں ادارے وفا کے مطابق قلندیہ پناہ گزین کیمپ میں بھی گولی مار کر دو افراد کو شہید کیا گیا۔ ادھر جنوبی لبنان پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 2لبنانی صحافیوں سمیت 4افراد شہید ہوگئے۔
عرب اور لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں لبنانی چینل کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، شہید ہونے والے صحافیوں میں ایک خاتون صحافی فاطمہ فتونی بھی شامل ہیں۔ شہید ہونے والے دوسرے صحافی علی شعیب ہیں۔
اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے دو سینئر عہدیدار شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حزب اللہ کے ایوب حسین یعقوب اور یاسر محمد مبارک کو نشانہ بنایا گیا۔



