غزہ میں بھی صیہونی دہشتگردی جاری، مزید 103نہتے فلسطینی شہید
سماجی ادارے کے 8فلسطینی کارکن بس حملے میں جاں بحق ہوگئے، مسجد اقصیٰ پر دھاوا، نمازیوں کو باہر نکال دیا گیا
غزہ (ویب ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی نہ تھمی۔ چوبیس گھنٹے میں مزید 103نہتے فلسطینی شہید جبکہ 400سے زائد زخمی ہوگئے۔ امریکی تعاون سے چلنے والے سماجی ادارے کے 8فلسطینی کارکن بس حملے میں شہید ہوگئے۔ ادارے کا کہنا ہی کئی کارکن زخمی اور اغوا بھی کر لیے گئے۔ غزہ پر اسرائیلی حملے تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔
گزشتہ 24گھنٹے کے دوران قابض افواج کے حملوں میں مزید 103نہتے فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ 400 سے زائد زخمی بتائے جا رہے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔مقامی طبی ذرائع کی مطابق بمباری کے زیادہ تر واقعات غزہ کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں پیش آئے، جہاں رہائشی علاقوں، پناہ گزین کیمپوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق امریکی تعاون سے چلنے والے ایک سماجی ادارے کی بس کو نشانہ بنایا گیا، جس میں سوار 8فلسطینی کارکن شہید ہو گئے۔ ادارے نے تصدیق کی ہے کہ کئی کارکن شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ بعض کو اسرائیلی فورسز نے اغوا بھی کر لیا ہے۔ ادارے نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ فلاحی کارکنوں اور امدادی اداروں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور اسرائیلی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے۔ انسانی بحران شدت اختیار کر گیا۔ غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری سے انسانی بحران دن بہ دن بدتر ہوتا جا رہا ہے۔
خوراک، پانی، طبی امداد اور پناہ گاہوں کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ بین الاقوامی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری جنگ بندی نہ ہوئی تو غزہ ایک مکمل انسانی المیے کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول کر نمازیوں کو نکال دیا۔ فلسطینی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن گویر کی سرپرستی میں اسرائیلی فوج نے جارحیت کی انتہا کرتے ہوئے مسجد پر دھاوا بولا۔
فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد تمام نمازیوں کو زبردستی باہر نکال کر مسجد اقصیٰ کے داخلی راستے بند کرکے فلسطینیوں کو نماز پڑھنے سے روک دیا گیا۔ ادھر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے غزہ سے متعلق قرارداد منظور کرتے ہوئے فوری، غیر مشروط اور دائمی جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کی صورتحال پر خصوصی سیشن میں شہریوں کے تحفظ اور قانونی و ہیومینیٹرین ذمہ داریوں کے حق میں قرار داد منظور کی ہے۔ پاکستان اس قرارداد کو سپانسر کرنے والے ممالک میں شامل تھا اور پاکستان نے قرار داد کے حق میں ووٹ بھی دیا۔ قرارداد کے حق میں 149 اور مخالفت میں 12ووٹ آئے جبکہ 19اراکین غیر حاضر رہے۔
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے غزہ میں فوری، غیرمشروط، اور دائمی جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ قرارداد میں اسرائیل کی جانب سے بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی مذمت کی گئی۔ انسانی امداد کی بلاروک ٹوک رسائی پر زور دیا گیا اور عالمی قانون کی تعمیل اور خلاف ورزی کرنیوالے کے احتساب کا مطالبہ کیا گیا۔



