کراچی:ایک اور خوفناک حادثہ،13افراد جاں بحق،6بچےزخمی
کراچی:(کرائم رپورٹر)کراچی میں موٹر وے ایم 9 پر تیز رفتاری کے ساتھ رانگ وے سے آنے والی مسافر بس آئل ٹینکر سے ٹکراگئی، کئی دیگر گاڑیاں بھی زد میں آئیں جبکہ ایک مسافر وین کی چھت پر بیٹھے مسافر پل سے نیچے جاگرے۔ حادثے میں 13 افراد جاں بحق اور 6 بچے زخمی ہوگئے۔
حادثہ انصاری پل کے قریب اُس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار مسافر بس رانگ وے سے سڑک پر آئی اور مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔
زور دار تصادم کے نتیجے میں کئی دیگر گاڑیاں بھی زد میں آئیں جنہیں شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک مسافر وین کی چھت پر بیٹھے لوگ پل سے نیچے جاگرے۔
حادثے کے بعد پولیس، رینجرز، ایف ڈبلیو او، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹر وے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن کا آغاز ہوا۔
لاشیں نکالنے کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم کی جانب سے آئل ٹینکر پر پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ حادثے کے بعد موٹر وے ایم نائن حیدرآباد سے کراچی جانے والے ٹریک پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور ہیوی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
حادثے کے نتیجے میں آئل ٹینکر کا ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ پولیس کے مطابق رانگ وے جانے والی مسافر بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
صدر مملکت آصف زرداری نے ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔



