دفتر محتسب پنجاب کا موبائل وین پروگرام جاری، 2167شکایات موصول
لاہور (بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) دفتر محتسب پنجاب نے عوامی خدمت پروگرام کو لاہور سمیت پنجاب کے دیگر بڑے شہروں تک مزید توسیع دے دی ہے، تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر مؤثر اور آسان شکایت رسانی کی سہولت فراہم کی جاسکے۔
لاہور میں موبائل وین نے نومبر کے دوران مختلف اہم مقامات کا دورہ کیا اور اسپتالوں، عوامی مقامات اور مصروف مارکیٹوں میں شہریوں سے شکایات وصول کیں۔

یہ پروگرام اس سے قبل جنوبی پنجاب میں شروع کیا گیا تھا جہاں ملتان، لودھراں اور مظفرگڑھ میں 1,000سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔ اس کے مثبت نتائج کے بعد اکتوبر میں پروگرام کا دائرہ کار فیصل آباد اور سرگودھا تک بڑھایا گیا، جہاں سینکڑوں مزید شکایات درج کی گئیں۔

اب تک عوامی خدمت پروگرام کے تحت صوبے بھر سے مجموعی طور پر 2,167شکایات موصول ہو چکی ہیں، جو دفتر محتسب پنجاب پر عوام کے بڑھتے اعتماد اور شفاف، عوام دوست خدمات کی فراہمی کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔



