پاکستانتازہ ترین

5 اگست کا جلسہ سیمی فائنل ہوگا، آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی

پشاور (ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 5 اگست کا جلسہ تحریک کا سیمی فائنل اور فیصلہ کن مرحلہ ہوگا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کی کامیابی کے لیے تمام پارلیمانی اراکین کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ عوام کی سہولت اور زیادہ شرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے 5 اگست کے جلسے کا مقام تبدیل کرکے پشاور موٹروے کے قریب کھلے میدان میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

آئینی راستے اختیار کیے، مثبت جواب نہیں ملا

سہیل آفریدی نے کہا کہ 15 اکتوبر 2025ء سے تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کیے گئے اور افہام و تفہیم کے ذریعے معاملات حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی، تاہم مخالفین کی جانب سے ان کوششوں کا کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا کیونکہ بطور وزیراعلیٰ اپنی جماعت کے قائد سے ملاقات ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ ان کے بقول صوبے کے فیصلے بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے علاج اور ملاقاتوں کا مطالبہ

وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی، بہنوں اور ذاتی ڈاکٹروں کو ملاقات اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے بانی پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ دیا تھا اور اس مینڈیٹ کو نظر انداز کرنا صوبے کے عوام کی توہین کے مترادف ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی غیرجانبدار تحقیقات سے حقائق سامنے آ جائیں گے، جبکہ تمام تر کوششوں کے باوجود مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں پرامن احتجاج آئینی اور جمہوری حق ہے۔

پارلیمانی اجلاس میں تلخی، ناراض اراکین کے تحفظات

دوسری جانب ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بعض ناراض اراکین اور قیادت کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ اجلاس بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک کے حوالے سے مشاورت کے لیے بلایا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بعض اراکین نے تحریک شروع کرنے سے قبل ورکرز کنونشن بلانے، پارٹی عہدیداروں اور ارکان اسمبلی سے حلف لینے اور تحریک کی بہتر منصوبہ بندی کا مطالبہ کیا۔ اجلاس کے دوران تلخی بڑھنے پر بعض ناراض اراکین اجلاس چھوڑ کر چلے گئے، تاہم وزیراعلیٰ نے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

فضل الٰہی کی تجاویز

پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی فضل الٰہی نے کہا کہ ان کی رائے ہے کہ 5 اگست کا جلسہ چند روز مؤخر کرکے پہلے ورکرز کنونشن منعقد کیا جائے اور تحریک میں شامل ہونے والوں سے باقاعدہ حلف لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پر مؤثر دباؤ ڈالنا مقصود ہے تو جلسہ خیبرپختونخوا کے بجائے پنجاب میں ہونا چاہیے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button