پاکستانتازہ ترین

آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوگی، مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں: مریم نواز

میرپور/لاہور (سلمان حسین)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہے تو آزاد جموں و کشمیر ہے اور آزاد جموں و کشمیر ہے تو پاکستان ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں کامیابی حاصل کرے گی جبکہ مخالفین بوکھلاہٹ اور پریشانی کا شکار ہیں۔

میرپور میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کا جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے حق میں فضا بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں بارش اور میرپور میں شدید گرمی کے باوجود عوام کی بھرپور شرکت مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار ہے۔

"میں خون اور نسل سے کشمیری ہوں”

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ محض دعوے کے طور پر نہیں بلکہ حقیقت میں خاندان، نسل اور خون کے اعتبار سے کشمیری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ خود کو کشمیر کی بیٹی کہتی ہیں تو بعض عناصر کو تکلیف ہوتی ہے، حالانکہ ان کے والدین اور بزرگوں کا تعلق بھی کشمیر سے رہا ہے۔

آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بنیادی انفراسٹرکچر، جدید ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم اور شہری سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ میرپور کے لیے 10 الیکٹرو بسیں روانہ کر دی گئی ہیں، جبکہ نواز شریف کی جانب سے میرپور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام کا وعدہ بھی پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوام مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کریں تو آزاد کشمیر میں جدید سڑکیں، سیف سٹی منصوبے، کسان کارڈ، راشن کارڈ، اپنی چھت پروگرام، گرین بس، کلینک آن ویلز اور دیگر عوامی فلاحی منصوبے بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

نواز شریف کی خدمات کا ذکر

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، توانائی بحران کا خاتمہ کیا اور ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوامی خدمت اور ترقی ہے، جبکہ مخالفین کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے کوئی بڑا منصوبہ موجود نہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ووٹ دیتے وقت ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کو مدنظر رکھیں تاکہ آزاد کشمیر ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہو سکے۔

مون سون بارشوں کے بعد ریسکیو اور نکاسی آب کی نگرانی

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے شدید مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ 41 اضلاع میں واسا، ریسکیو اور متعلقہ ادارے متحرک ہیں اور جدید مشینری کی مدد سے کئی علاقوں میں گھنٹوں کے اندر بارشی پانی نکال دیا گیا۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو نشیبی علاقوں، دریاؤں، نہروں اور برساتی نالوں کے اطراف حفاظتی اقدامات یقینی بنانے، کمزور عمارتوں کی نگرانی کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

ٹانک میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت

مریم نواز شریف نے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے 15 سکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button