اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے اور ہمسایہ ملک دہشتگرد عناصر کو وسائل فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے اور دہشتگرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔
بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے عوام، خصوصاً بلوچ اور پشتون قیادت نے پاکستان کے قیام اور وفاق کے استحکام میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے ریکارڈ وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
"دہشتگردی سازش کے تحت دوبارہ مسلط کی گئی”
شہباز شریف نے کہا کہ 2018ء تک ملک سے دہشتگردی کا تقریباً خاتمہ ہو چکا تھا، تاہم ایک منظم سازش کے تحت دہشتگردی کو دوبارہ ہوا دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے 90 ہزار سے زائد شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے مستونگ میں دہشتگرد حملے کے دوران سیشن جج عبدالحکیم اور ایک اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
بلوچستان کی ترقی کے لیے ریکارڈ فنڈز
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی جغرافیائی وسعت اور ترقیاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاق نے خصوصی توجہ دی ہے۔ ان کے مطابق پنجاب نے این ایف سی ایوارڈ کے تحت بلوچستان کو 150 ارب روپے فراہم کیے، جبکہ وفاقی حکومت نے بھی متعدد بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ریکارڈ فنڈز جاری کیے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کے 27 ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ کسانوں کے لیے 75 ارب روپے کے منصوبے میں وفاق نے 50 ارب روپے فراہم کیے ہیں۔ کراچی تا چمن دو رویہ شاہراہ کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے، جس پر تقریباً 300 ارب روپے لاگت آئے گی۔
"افغانستان دہشتگردوں کو روکنے میں مؤثر کردار ادا کرے”
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم افغان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی سرزمین دہشتگردوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں اور اب قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
سکائی 47 قراقرم ون ڈیٹا سینٹر کا افتتاح
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے اے آئی کلاؤڈ ڈیٹا سینٹر "سکائی 47 قراقرم ون” کا افتتاح بھی کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل، سائبر سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ایسے منصوبے پاکستان کو معاشی ترقی اور قومی سلامتی کے نئے دور میں داخل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر قوم اتحاد، عزم اور محنت کے ساتھ آگے بڑھے تو کوئی ہدف ناقابلِ حصول نہیں رہتا۔ ان کے مطابق مستقبل میں کراچی اور لاہور میں بھی اسی نوعیت کے جدید ڈیٹا سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔



