نائیجیریا میں ٹینکر پھٹ گیا،پٹرول اکٹھا کرتے 70افراد جھلس کر ہلاک
نائیجر:(ویب ڈیسک)افریقی ملک نائیجیریا میں آئل ٹینکر الٹنے کے بعد پھٹ گیا، جس سے بہنے والا پیٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے 70 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
نائجیریا کے وسطی علاقے میں ہفتے کے روز ایک آئل ٹینکر الٹ گیا جس کے بعد مقامی لوگ بہتا ہوا پیٹرول بھرنے کے لیے ٹینکر کے ارد گرد جمع ہوئے اور کچھ دیر بعد وہ زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے 70 افراد ہلاک ہوگئے۔
ریاست نائجر میں فیڈرل روڈ سیفٹی کور (ایف آر ایس سی) کے سربراہ کمار سوکوام کے مطابق 60 ہزار لیٹر پیٹرول سے لدے آئل ٹینکر کو صبح 10 بجے کے قریب دارالحکومت ابوجا کو شمالی شہر کدونا سے ملانے والی سڑک پر ایک جنکشن میں پیش آیا، ہلاکتوں کی تعداد 70 ہوگئی ہے جب کہ زیادہ تر متاثرین کی شناخت نہیں ہو سکی ہے جب کہ ہم معلومات اکھٹی کرنے کے لیے جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔
لوگوں کی بڑی تعداد ٹینکر سے پیٹرول نکالنے کے لیے وہاں جمع ہوئی، جب اچانک ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جس نے ساتھ کھڑے ٹینکر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اب تک جائے وقوع سے 60 لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن میں زیادہ تر خاکروب ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال صدر منتخب ہونے کے بعد بولا ٹینوبو نے ایندھن کی سبسڈی ختم کر دی تھی، جس سے اشیائے خوردونوش سمیت دیگر چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا۔



