غزہ منصوبہ کارگرتاہم زبردستی مسلط نہیںکرونگا، ٹرمپ
فلسطینیوںکو انتخاب کا موقع دیا جائے تو وہ غزہ سے چلے جائینگے،امریکی صدر
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ غزہ کے حوالے سے ان کا منصوبہ کارگر ہے
لیکن وہ اس پر عمل نہیں کرینگے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کا غزہ پٹی پر قبضے کا منصوبہ واقعی کارگر ہے، لیکن انہوں نے کہا کہ وہ اسے زبردستی مسلط نہیں کریں گے۔فاکس نیوز ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہی وہ منصوبہ ہے جو حقیقت میں کارگرہے، لیکن میں اسے مسلط نہیں کر رہا، میں صرف اسے تجویز کر رہا ہوں۔
ٹرمپ نے اردن اور مصرکی جانب سے ان کی تجویز کی مخالفت پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم اردن اور مصرکو سالانہ اربوں ڈالر دیتے ہیں اور مجھے ان کے ردعمل پر تھوڑی حیرت ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر غزہ کے عوام کو انتخاب کا موقع دیا جائے کہ وہ غزہ میں رہنا چاہتے ہیں یا کسی اچھی جگہ منتقل ہونا چاہتے ہیںتو وہ غزہ سے چلے جائیں گے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ کے محل وقوع کو شاندار قرار دیتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا کہ اسرائیل نے اسے کیوں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہترین جگہ ہے، میں نہیں جانتا کہ اسرائیل نے یہ جگہ کیوں چھوڑی، انہوں نے ایسا کیوں کیا؟



