لاہور، ساہیوال (ویب ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک سپلیمنٹری امتحانات 2025کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ سیکرٹری لاہور بورڈ کے مطابق لاہور بورڈ میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحانات میں 54ہزار 756طلبہ نے شرکت کی،24ہزار 873نے کامیابی حاصل کی، 50فیصد سے زائد بچے ناکام ہوئے، کامیابی کا تناسب 45فیصد سے زائد رہا۔
ایجوکیشن بورڈ راولپنڈی کی جانب سے بھی میٹرک کے ضمنی امتحانات کے نتائج جاری کر دئیے گئے ہیں ۔ کنٹرولر امتحانات کے مطابق کل 23007میں سے 22865امیدوار امتحان میں شریک ہوئے جس میں سے 7383 امیدوار کامیاب رہے اور کامیابی کا تناسب 32.31فیصد رہا، اسی طرح 15427امیدوار امتحان میں ناکام ہوئے، 93 غیر حاضر جبکہ 49کا داخلہ فارم منسوخ کیا گیا، 14705طلبا اور 8160طالبات نے امتحان میں حصہ لیا۔
تعلیمی بورڈ ملتان نے بھی میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحان 2025کے نتائج کا اعلان کر دیا، امتحان میں 16ہزار 115امیدواروں نے شرکت کی جس میں 7ہزار 204امیدوار کامیاب ہوئے۔ فیصل آباد بورڈ کے زیراہتمام میٹرک سپلیمنٹری امتحانات میں 57فیصد امیدوار دوسری بار بھی فیل ہوگئے۔
سیکرٹری تعلیمی بورڈ کا کہنا ہے کہ کامیابی کا تناسب 42.82فیصد رہا، 20ہزار 977امیدواروں نے امتحانات میں حصہ لیا، صرف 8ہزار 982امیدوار پاس ہو سکے۔ ساہیوال بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن نے بھی میٹرک سیکنڈ سالانہ امتحانات 2025کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے نتائج کا اعلان کیا۔
امتحانات میں 12277طلبہ و طالبات شریک ہوئے جن میں سے 7157نے کامیابی حاصل کی اس طرح کامیابی کا تناسب 58.30فیصد رہا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹرسیف اللہ بھٹی بھی تقریب میں موجود تھے۔
میٹرک سیکنڈ سالانہ امتحانات میں ایک ریگولر جبکہ 12276پرائیویٹ طلبہ و طالبات نے امتحان دیا جن میں 10170سائنس گروپ اور 2106جنرل گروپ کے طلبہ و طالبات شامل تھے۔



