لاہور (ویب ڈیسک) — لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دوسرے روز بھی تیز آندھی کے بعد موسلادھار بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات پیش آئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں بارش اور آندھی سے متعلقہ واقعات میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 23 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو پنجاب کے ترجمان فاروق احمد کے مطابق نارووال میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ گوجرانوالہ کے علاقے نندی پور سیالکوٹ روڈ پر درخت گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
لاہور میں کوٹ خواجہ سعید کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ہربنس پورہ کینال روڈ پر درخت گرنے کے باعث موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
بارش اور تیز ہواؤں کے باعث لاہور کے گرین ٹاؤن میں درخت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ شادیوال چوک میں 11 کے وی بجلی کی لائن گرنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔ عابد مارکیٹ لاہور میں سائن بورڈ گرنے سے بھی ایک شخص زخمی ہوا۔
ریسکیو حکام کے مطابق نارووال میں دیوار اور سولر پینل گرنے کے دو مختلف واقعات میں 3 افراد زخمی ہوئے، جبکہ کامونکے میں دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔



