بابا گورو نانک کا جنم دن ، گورودوارہ جنم استھان میں مرکزی تقریب
مذہبی ر سو ما ت کی ادائیگی، پالکی کا جلوس گورو دوارہ پہنچ کر اختتام پذیر
لاہور(ویب ڈیسک )بابا گورو نانک جنم دن کی مرکزی تقریب گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوئی، جس میں بھا رت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یا تریوں نے مذہبی رسو ما ت ادا کیں۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک اور صوبائی وزیر اقلیتی امور پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ کمیونٹی کو بابا گرو نانک جی کے جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا پنجاب سرکار والوں سکھ یاتریوں نو جی آیا نو۔ آج دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کے لیے بہت خوشی کا دن ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا مسلم لیگ ن کو اعزاز جاتا ہے کہ پہلی مرتبہ سکھ کمیونٹی سے صوبائی وزیر بنایا گیا ۔ 19 نومبر کو انٹرنیشنل کبڈی فیسٹیول کروائیں گے تاہم بھارت کی جانب سے ٹیموں کو پاکستان نہ بھیجنا قابل افسوس اقدام ہے ۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک نے کہا پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے ۔ دعا گو ہوں کہ سکھ مسلم دوستی کا رشتہ ایسے ہی پروان چڑھتا رہے۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو سروپے پہنائے گئے جبکہ پالکی کا جلوس مختلف راستوں سے ہوتا ہوا واپس ننکانہ صاحب گوردوراہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔



