پاکستانتازہ ترینکاروبار

جیولرز مارکیٹ کے وفد کا لاہور چیمبر کا دورہ

سونے کے بڑے فراڈ کیس کی شفاف اور تیز تحقیقات کا مطالبہ

لاہور دسمبر(بیورو چیف)جیولرز مارکیٹ کے وفد نے عابد میاں کی قیادت میں لاہور چیمبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ بھی موجود تھے۔وفد کے دیگر شرکائ میں عثمان رشید بھٹی، احمد صدیق، ظفر سعید، عثمان بٹ اور اعظم خان شامل تھے۔

ملاقات کے دوران وفد نے لاہور کی جیولرز مارکیٹ میں پیش آنے والے سونے کے بڑے فراڈ کیس پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ واقعے کو تقریباً پندرہ دن گزر چکے ہیں مگر تاحال متاثرہ تاجروں کو کسی ٹھوس پیش رفت یا ریکوری سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔


وفد کے ارکان نے بتایا کہ ملزم ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت تقریباً بیس کلوگرام کے قریب سونا لے کر فرار ہوا، جس کے باعث درجنوں دکاندار اور ان کے خاندان شدید مالی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر متاثرہ افراد کے کلیمز مکمل طور پر دستاویزی، تصدیق شدہ اور یونین کی جانب سے ویری فائی کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس اسٹیشنز میں درج ایف آئی آرز بھی حقائق پر مبنی ہیں۔
وفد کا کہنا تھا کہ سب سے تشویشناک پہلو یہ ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ملزم ملک میں موجود ہے یا بیرونِ ملک فرار ہو چکا ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیج، کال ڈیٹا ریکارڈ اور دیگر شواہد کے باوجود تحقیقات سست روی کا شکار ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ملزم کے گھر سے رات کے وقت سامان منتقل ہونے، گاڑی کی نقل و حرکت اور ملازمین کے بیانات جیسے اہم پہلوؤں پر مؤثر تفتیش نہیں کی گئی۔
جیولرز وفد نے مطالبہ کیا کہ کیس کو پنجاب پولیس کے اسپیشلائزڈ ادارے سی سی ڈی یا کسی مضبوط تحقیقاتی ٹیم کے سپرد کیا جائے تاکہ شفاف، تیز اور نتیجہ خیز تحقیقات ممکن ہو سکیں۔ وفد نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اب تک ہونے والی تحقیقات کی باقاعدہ رپورٹ جاری کی جائے تاکہ متاثرہ تاجروں کو اعتماد مل سکے۔
صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر تاجروں کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض چند افراد کا نقصان نہیں بلکہ معیشت، اعتماد اور کاروباری ماحول کا معاملہ ہے، جس کے اثرات پورے مارکیٹ سسٹم پر پڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر متاثرہ جیولرز کی درخواست پر متعلقہ حکومتی اداروں، پولیس حکام اور دیگر فورمز سے باضابطہ طور پر رابطہ کرے گا، معاملے کو میڈیا میں اجاگر کیا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو پریس کانفرنس بھی کی جائے گی تاکہ ذمہ دار اداروں پر تحقیقات تیز کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔
سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ نے کہا کہ تاجروں کے اعتماد کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور ایسے واقعات کی بروقت اور شفاف تحقیقات نہ صرف انصاف بلکہ کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔
وفد نے لاہور چیمبر کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ چیمبر کی مداخلت سے تحقیقات میں تیزی آئے گی، ملزم کو گرفتار کر کے متاثرہ تاجروں کی رقوم اور سونا بازیاب کرایا جا سکے گا اور مارکیٹ میں اعتماد بحال ہوگا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button