پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں
پٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کا 510مقامات پر احتجاج، 9 اگست کو وزیراعلیٰ ، گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنوں کا اعلان
9 اگست کو جم کر بیٹھنے کیلیے آئیں گے:حافظ نعیم

لاہور،کراچی:(ویب ڈیسک)جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر احتجاجی دھرنے کیے گئے، کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور دیگر شہروں میں کارکنوں نے احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔
کراچی: جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی، ٹیکسز اور مہنگی بجلی کے خلاف ملک کے 510 مقامات پر احتجاج کیے گئے، حافظ نعیم نے آج کے احتجاج ختم کر کے 9 اگست کو کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں گورنر ہاؤسز جبکہ لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنوں کا اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر احتجاجی دھرنے کیے گئے، کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور دیگر شہروں میں کارکنوں نے احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔
جمعہ کو کراچی بھر میں بھرپور احتجاج کیا گیا اور شاہراہ فیصل بند کر دی گئی۔ مظاہرین نے دھرنا دیا اور سڑک کے دونوں ٹریک بند کر دیے۔ قبل ازیں شہر بھر سے آنے والی ریلیاں مزار قائد پہنچیں اور امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں مرکزی ریلی شاہراہ قائدین سے ہوتی ہوئی شاہراہ فیصل پہنچی۔ علاوہ ازیں نیشنل ہائی وے، سپر ہائی وے، حب ریور روڈ،شاہراہ اورنگی، شاہراہ کورنگی، شاہراہ پاکستان سمیت شہر کی دیگر بڑی سڑکیں بھی بند کی گئیں اور مختلف اضلاع سے آنے والی ریلیوں کے شرکاء نے سڑکوں پر احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ ریلیوں کے شرکاء موٹر سائیکلوں، سوزوکیوں، کاروں، چھوٹے بڑے ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں پر سوار تھے جنہوں نے جماعت اسلامی کے جھنڈے اور مختلف بینرز و پلے کارڈرز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرو، پیٹرول سستا کرو، آئی پی پیز مافیا کو لگام دو، حکمرانوں اپنی شاہ خرچیاں ختم کرو، غریب عوام پر ظلم بند کرو سمیت دیگرنعرے اور مطالبات درج تھے۔
منعم ظفر خان نے شاہراہ فیصل پر دھرنے کے شرکاء سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں شاہراہ فیصل سمیت پورے شہر اور پورے ملک میں 510بڑی اور اہم شاہراؤں پر احتجاج اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام نے حکمرانوں کی معاشی دہشت کو مسترد کر دیا ہے، اس موقع پر اپوزیشن لیڈر کے ایم و نائب امیر کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ، سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، ڈپٹی سکریٹری عبد الرزاق خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
ترجمان جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ کارکنان نے شہر کی مصروف ترین شاہراہ اورنگی اور حب ریور روڈ بھی بند کی۔
اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی کے کارکنان نے نیشنل ہائی پر بھی دھرنا دے دیا ہے جس سے ٹریفک معطل ہوگیا۔
اسلام آباد میں لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم، نصراللہ رندھاوا اور زبیر صفدر کی قیادت میں بڑی تعداد میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں سمیت کثیر تعداد میں عوام نے مل کر موٹروے چوک کو بند کردیا۔
راولپنڈی میں بھی کارکنان سڑکوں پر نکل آئے۔ مہنگائی، پیٹرولیم لیوی کے خلاف لیاقت باغ چوک میں دھرنا دیا۔ ضلعی امیر جماعت اسلامی سید عارف شیرازی کی قیادت میں کمیٹی چوک تک ریلی نکالی گئی، کارکنوں نے حکومتی اقدامات کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
لاہور میں مختلف شاہراہیں بند کردی گئیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کی بڑی تعداد بھی قرطبہ چوک احتجاج میں پہنچی اور احتجاج کیا۔
خیبرپختونخوا کے طول و عرض میں بھی جماعت اسلامی نے بھرپور احتجاج کیا۔ اس سلسلے میں پشاور-اسلام آباد موٹروے کے تمام انٹرچینجز پر احتجاجی دھرنے دیے گئے۔
احتجاج کے دوران موٹروے، انڈس ہائی وے، ہزارہ موٹروے، سوات موٹروے اور پاک افغان شاہراہ پر واقع بابِ خیبر سمیت صوبہ بھر کی اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا، جبکہ صرف ایمبولینسز کو آمدورفت کی اجازت دی گئی۔ پشاور، چارسدہ، رشکئی اور انبار انٹرچینج پر احتجاجی کیمپس قائم کیے گئے جہاں ضلعی و مقامی امراء کی قیادت میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
کوئٹہ میں میاں غنڈی چوک پر کارکنوں نے دھرنا دیا۔
کرک میں انڈس ہائی وے، بنوں میں سی پیک چوک اور چکدرہ میں انٹرچینج پر دھرنا دیا گیا، دھرنوں کی قیادت جماعت کے صوبائی اور ضلعی عہدےداروں نے کی۔
حافظ نعیم کا خطاب
لاہور کے دھرنے میں براہ راست جبکہ دیگر مقامات پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت اور آئی ایم ایف بھاڑ میں جائے ہم پیٹرولیم لیوی کا ظلم مزید برداشت نہیں کریں گے، یہ رقم طالب علم اور غریب اپنی جیبوں سے ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے آئی ایم ایف لیوی ختم کرنے پر رضامند نہیں تو کیا مریم نواز نے 11 ارب کا جہاز، چیئرمین سینیٹ اور ایف بی آر افسران کیلیے مہنگی گاڑیاں آئی ایم ایف کی اجازت سے لی گئیں تھیں۔
حافظ نعیم نے احتجاجی دھرنوں کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے شرکا کو مبارک باد دی اور بتایا کہ عوامی نیشنل پارٹی، تحریک انصاف، وکلا و تاجر تنظیموں نے بھی حمایت کی جس پر اُن کے مشکور ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ آج کارکنان اٹھ کر گھر جائیں کل کے دن تیاری کریں اور پھر پرسوں لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گے اور یہ اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک پیٹرولیم پر لیوی، اضافی ٹیکسز اور بجلی کی قیمت کم نہیں کی جاتی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم یہ فیصلہ بھتیجی کرے گی، چاچا اور پھر والد مگر اب عوام مہنگائی کے اس ظلم کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے دیے جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ حکمران اس سوچ میں نہ رہیں کہ ہم آئیں گے اور چلے جائیں گے، جین زیز جم کر بیٹھنے کی تیاری کرکے آئیں گے اور ہم اضافہ واپس لینے تک دھرنے دیں گے۔



