پاکستانتازہ ترینفن اور فنکار

جاوید کوڈو سپرد خاک ، ساتھی فنکاروں،وزیر اعظم کااظہار افسوس

نماز جنازہ میں اداکار سہیل احمد ، امانت چن، نسیم وکی ، جواد وسیم ،اظہر رنگیلا سمیت دیگر شریک ہوئے،خلا مدتوں پر نہیں ہو سکے گا:سپیکر ،عظمی بخاری

لاہور(کلچرل رپورٹر) پاکستان کے معروف کامیڈین اداکار جاوید کوڈو کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔نماز جنازہ مغلپورہ جنگلے والی گرائونڈ میں ادا کی گئی جس میں اداکار سہیل احمد ، امانت چن، نسیم وکی ، جواد وسیم ،اظہر رنگیلا سمیت دیگر فنکاروں ،عزیز وا قارب اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

جاوید کوڈو نے سوگوران میں دو بیٹے ،ایک بیٹی اور بیوہ چھوڑے ہیں علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نامور فنکار اور کامیڈین، جاوید کوڈو کی رحلت پر اظہار افسوس اور مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ جاوید کوڈو، جو کہ اپنے چھوٹے قد اور قدآور اداکاری کی وجہ سے مشہور تھے، کی وفات سے میڈیا انڈسٹری میں ایسا خلا پیدا ہوگیا ہے جو شاید کبھی پر نہ ہو۔مشکل کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں مرحوم جاوید کوڈو کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے معروف اداکار اور کامیڈین جاوید کوڈو کے انتقال پر اظہار افسوس اورجاوید کوڈو کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے فن کے شعبے میں جاوید کوڈو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جاوید کوڈو کے انتقال سے میڈیا انڈسٹری ایک نامور اداکار سے محروم ہو گئی ہے، جاوید کوڈو کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پر نہیں ہو سکے گا، سپیکر قومی اسمبلی نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعاکی۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے معروف اداکار اور کامیڈین جاوید کوڈو کے انتقال پر گہرے دکھ وافسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیا ن میں چیئرمین سینیٹ نے جاوید کوڈو کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فن کے شعبے میں جاوید کوڈو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔

یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ جاوید کوڈو کے انتقال سے میڈیا انڈسٹری ایک نامور اداکار سے محروم ہو گئی ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے معروف کامیڈین جاوید کوڈو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی پیغام میں عظمیٰ بخاری نے جاوید کوڈو کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جاوید کوڈو کامیڈی کی دنیا کا ایک بڑا نام تھے، جنہوں نے اپنے فن سے لاکھوں لوگوں کو مسکرانے پر مجبور کیا۔

ان کی فنکارانہ صلاحیتوں اور تھیٹر و کامیڈی کی دنیا میں دی گئی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جاوید کوڈو کا اندازِ مزاح اور فن میں مہارت انہیں ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رکھے گی۔ ان کے انتقال سے پاکستانی تھیٹر اور کامیڈی کی دنیا ایک بڑے فنکار سے محروم ہو گئی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button