خود مختاری، علاقائی سالمیت کی حفاظت: پاکستان کے ساتھ ہیں، چین کا اعلان
اسحاق ڈار کی وانگ ای اور دیگر رہنمائوں سے ملاقاتیں، سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
بیجنگ ( ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں ساتھ دے گا۔
دورہ چین میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان بھارت کے درمیان پائیدار امن کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، چین پاک بھارت تنازعات بات چیت سے حل کرنیکی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے، چین مذاکرات کے ذریعے اختلافات کو مناسب طریقے سے نمٹانے کا خیرمقدم کرتا ہے۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جامع، دیرپا جنگ بندی کے حصول اور بنیادی حل تلاش کرنے کی حمایت کرتے ہیں، چین پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں ساتھ دے گا۔ چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چین پاکستان کو صنعت، زراعت، توانائی اور معدنی ذخائر کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہیے۔
چین پاکستان کو دہشتگردی کے خلاف تعاون میں بھی اضافہ کرنا چاہیے۔ اس سے قبل اسحاق ڈار سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر یو جیان چائو کی وفد سمیت ملاقات ہوئی۔
بیجنگ میں ہونے والی ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کمیونسٹ پارٹی کے وزیر یو جیان چائو نے سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ چینی وزیر سے ملاقات میں اسحاق ڈار نے پاکستان کی خودمختاری اور بنیادی مفادات پر چین کی حمایت کو سراہا۔ اس موقع پر یو جیان چائو نے کہا کہ چین پاکستان کا آئرن برادر ہے اور پاکستان سے تعلقات کو ترجیح دیں گے۔



