خیبرپختونخواکابینہ کامنشیات کیسز میں سزائے موت ختم کرنے کا فیصلہ
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت اجلاس،پائیدارامن کیلئےآئندہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کابھی فیصلہ
پشاور:(ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا حکومت نے منشیات کیسز میں سزائے موت ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہوا جس میں 37 نکاتی ایجنڈا زیر بحث لایا گیا جبکہ متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی،صوبائی کابینہ نے منشیات کیسز میں سزائے موت ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کےلئے قانون سازی کی جائے گی۔
ڈیڈک چئیرمینوں کےلئے نئی گاڑیاں خریدنےاور خصوصی تعلیم اور صحت سے متعلق این جی اوز کےلئے فنڈز کی بھی کابینہ سے منظوری لی جائے گی،محکمہ اطلاعات میں ڈیجیٹل میڈیا کے لیے آسامیوں کی منظوری لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔علی امین گنڈاپور نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر اگلے ہفتے آل پارٹیزکانفرنس بلا رہے ہیں جس میں مشاورت کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
اجلاس میں 3 ایم پی او کے قانون پر غور و خوض اور اس میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا گیا، 3 ایم پی او کا نفاذ صوبائی محکمہ داخلہ کی پیشگی اجازت سے مشروط کیا جائے گا، اس اقدام کا مقصد 3 ایم او کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 3 ایم پی او کا قانون ایف سی آر طرز کا قانون ہے، اکثر اس کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا قدرتی آفات میں ہم دیگر صوبوں کی مدد کے لئے تیار ہیں۔ اجلاس میں بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے خیبر پختونخوا کے شہداء کے ورثا کے لئے فی کس 50 لاکھ روپے اور دہشتگردی کے واقعے میں شہید ہونے مولانا خانزیب کے ورثا کے لئے ایک کروڑ روپے امداد کی منظوری دی گئی۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے فیصلوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کابینہ نے خیبر پختونخوا زرعی آمدن ٹیکس رولز 2025، ماحولیاتی آڈٹ رولز 2025 اور ماحولیاتی تحفظ (سیلنگ و ضبطگی) رولز 2025 کی منظوری دی۔ انسداد منشیات ایکٹ 2019 سے سزائے موت کی شق کے اخراج سے متعلق کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی جو سفارشات کابینہ کو پیش کریگی۔
کابینہ نے چار شہریوں روزینہ، انس خان، محمد امان اور محمد اذلان کے مہنگے طبی علاج کے لیے 4 کروڑ 81 لاکھ مالی امداد، دیر ماڈل سکول دودبہ کی عمارت کو خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے کیمپس کے قیام کے لیے دینے،دریائے سوات کے پانی کو گریوٹی فلو کے ذریعے مینگورہ پہنچانے کے لیے زمین کی خریداری ،ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم فیز II منصوبے کی لاگت 31 کروڑ 85 لاکھ روپے سے بڑھا کر 37 کروڑ 52 لاکھ 10 ہزار روپے کرنے، پیراپلجک سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کے ارکان کی تقرری
، ہیلتھ فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری و تبادلہ اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کے پانچ ارکان کی تعیناتی ،پروفائل شدہ نان کسٹمز پیڈ (این سی پی) گاڑیوں پر آر ایف آئی ڈی سسٹمز اور مشین ریڈایبل نمبر پلیٹس کی تنصیب کی منظوری دی، مختلف محکموں کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی میں نرمی کی درخواستوں پر فیصلہ کیاگیا ایسی گاڑیوں کا بندوبست ضروریات کو دیکھتے ہوئے محکمہ ایکسائز کے ذریعے کیا جائے گا۔



