شمالی غزہ میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی حملے، 96 سے زائد فلسطینی شہید
غزہ:شمالی غزہ میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم ازکم 96 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے جن کی بڑی تعداد ملبے تلے موجود ہے تاہم ریسکیو اداروں کو جائے حادثہ تک رسائی نہیں مل سکی جس کے باعث شہادتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اتوار کی صبح سے شمالی غزہ کے علاقوں بیت لاہیا، نصیرت اور بریج میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیل بمباری کے نتیجے میں کم ازکم 96 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ 72 شہادتیں بیت لاہیا کی ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں واقع ہوئی ہیں جس میں 6 خاندان رہائش پذیر تھے۔غزہ میڈیا آفس کا مزید کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ ساتھ امریکی انتظامیہ، برطانیہ، جرمنی اور فرانس سمیت نسل کشی میں شریک دیگر ممالک کو نسل کشی کی جنگ کے تسلسل کا مکمل ذمے دار سمجھتا ہے۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 13 ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں کم ازکم 43 ہزار 846 شہید ہوچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 3 ہزار 740 زخمی ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے سربراہ منیر البرش کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج جان بوجھ کر شہریوں کو رات گئے نشانہ بناتی ہیں تاکہ کوئی انہیں بچا نہیں سکے، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے ادویات لے کر جانے والے اقوام متحدہ کے امدادی قافلے کو کمال عدوان ہسپتال میں داخلے سے روک دیا۔



