غزہ: اسرائیلی حملے جاری، 41فلسطینی شہید : انسانی بحران سنگین تر، بچوں کیلئے دودھ کی شدید قلت
7اکتوبر2023ء سے اب تک 60249فلسطینی شہید اور 4789زخمی ہو چکے ہیں، فلسطینی وزارت صحت
غزہ، لندن ، برلن (ویب ڈیسک) اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز بھی صیہونی فورسز کے حملوں میں کم از کم 41فلسطینی شہید ہو گئے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق مقامی ہسپتالوں کے ذرائع نے تصدیق کی کہ 41افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ الاقصیٰ شہداء ہسپتال نے بتایا کہ نیٹزاریم کوریڈور کے قریب امداد کے منتظر شہریوں پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر دی، جس میں 19فلسطینی شہید ہو گئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر 2023ء سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 60249فلسطینی شہید اور 4789زخمی ہو چکے ہیں۔ ادھر غزہ میں انسانی بحران سنگین تر ہو چکا ہے۔
بچوں کے لیے فارمولا دودھ کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ ادھر فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا عالمی رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ برطانیہ اور فرانس کے بعد اب پرتگال اور جرمنی نے بھی فلسطین کو تسلیم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ پرتگال کے وزیر خارجہ پالو رنگیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک آئندہ ماہ کے آغاز میں فلسطین کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرتگال ایک خودمختار ملک ہے اور اپنی خارجہ پالیسی آزادانہ طور پر تشکیل دیتا ہے۔ ادھر جرمنی کے وزیر خارجہ جوہان وڈیفل نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل اور فلسطینی قیادت کے درمیان دو ریاستی حل پر مذاکرات کا عمل بحال نہ ہوا تو جرمنی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔



