پاکستانتازہ ترین

معیشت درست سمت میں گامزن، استحکام سے گروتھ کی جانب بڑھیں گے: وزیر خزانہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور حکومت کا مقصد معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ 2026-27 میں کم آمدنی والے اور تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے محدود مالی وسائل کے باوجود عوامی فلاح، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی ایک مسلسل سفر ہے اور حکومت برآمدات، صنعت، زراعت اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے۔

تنخواہ دار طبقے کو ریلیف، ٹیکس میں کمی

وزیر خزانہ نے بتایا کہ کم آمدنی والے ملازمین پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا گیا ہے۔ تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس شرح میں کمی کی گئی جبکہ تعمیراتی شعبے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے برآمدی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور سپر ٹیکس کے خاتمے سمیت مختلف اصلاحات کا مقصد صنعت اور کاروبار کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

زراعت کے لیے 2 ہزار ارب سے زائد قرضے

محمد اورنگزیب نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے، زرعی قرضوں کا حجم 15 فیصد اضافے کے بعد 2 ٹریلین روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کے لیے 262 ارب روپے کے قرضہ پروگرام میں سے 125 ارب روپے زرعی شعبے کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ زرعی مشینری کی درآمد پر مختلف ڈیوٹیز ختم کی گئی ہیں۔

ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبے کو فروغ دینے کا منصوبہ

وزیر خزانہ نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ ملکی معیشت میں اہم کردار رکھتا ہے، اسی لیے ٹرانزیکشن ٹیکسز میں کمی کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کم آمدنی والے افراد کے لیے ہاؤسنگ اسکیم کے تحت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ عام مزدور اور متوسط طبقہ بھی گھر کے حصول کے قابل ہو سکے۔

ایف بی آر ڈیجیٹلائزیشن، ٹیکس نظام میں اصلاحات

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور ادارے کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے بہتر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسٹمز نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کا مقصد شفافیت بڑھانا اور انسانی مداخلت کم کرنا ہے۔

آئی ٹی برآمدات میں اضافے کی توقع

محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور توقع ہے کہ رواں مالی سال میں آئی ٹی برآمدات 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔

سولر پینلز کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی تردید

وزیر خزانہ نے سولر پینلز کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button