راولپنڈی ( ویب ڈیسک ) شمالی وزیر ستان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 72گھنٹے کے دوران 48خوارج مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر جاری آپریشنز کے تسلسل میں شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور اس کے گردو نواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اس دوران گزشتہ 72گھنٹے میں شدید جھڑپوں کے بعد بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے فتنہ الخوارج کے مزید 21دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جن میں 4اہم کمانڈر ( خارجی خالد رضا عرف سالار، خارجی مفتون خارجی موسیٰ اور خارجی عمران عرف ایان ) بھی شامل ہیں۔ فورسز کے اس آپریشن سے علاقے میں فعال خوارج کے نیٹ ورک کو کاری ضرب لگی ہے۔
ہلاک ہونے والے یہ خارجی کمانڈر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں انتہائی مطلوب تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انتہائی مہارت اور درستی سے کئے گئے آپریشنز کے دوران اب تک مجموعی طور پر 48خوارج مارے جاچکے ہیں۔
ہلاک ہونے والے بھارت نواز دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ علاقے میں چھپے باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری کے بعد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزم استحکام کے وژن کے تحت ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے اپنی انسداد دہشتگردی مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے سرغنوں کا خاتمہ دہشتگردی کے نیٹ ورک کے خلاف اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ خوارج کے ناپاک عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قوم کی حمایت سے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کا سلسلہ جاری رہے گا۔



