غزہ سٹی پر قبضے کی اسرائیلی کوششیں تیز، مزید21فلسطینی شہید
زمینی آپریشن کی تیاری، سرحدوں پر تازہ کمک پہنچا دی، بھوک سے بھی 10جاں بحق، فلسطینی اتھارٹی کی شدید مذمت
غزہ، اسلام آباد (ویب ڈیسک ) اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی پر قبضے کی کوششیں تیز کرتے ہوئے ٹینکوں اور جنگی طیاروں سے پورے بلاکس تباہ کر دئیے، مزید 21فلسطینی شہید ہوگئے۔ فضائی حملوں کے بعد اسرائیلی فوج نے زمینی کارروائی کی تیاری تیز کرتے ہوئے سرحدوں پر تازہ کمک بھی پہنچا دی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سرحدوں کے قریب اسرائیلی فوجیوں اور ٹینکوں کو گشت کرتے دیکھا گیا۔ جبکہ بھوک کے نتیجے میں بھی مزید10 فلسطینی بچے شہید ہوگئے۔ دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی نے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کارروائی کو خطرناک اضافہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
دوسری طرف پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے غزہ اور شام پر فضائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبے کیا ہے کہ اسرائیل کو جرائم کیلئے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان نے کہا کہ اسرائیل نے خان یونس میں ہسپتال اور شام پر فضائی حملے کئے ہیں، خان یونس میں ناصر ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملہ قابل مذمت ہے، ہسپتال پر حملے میں کم از کم 21افراد جاں بحق ہوئے، جن میں چار صحافی اور ایک امدادی کارکن بھی شامل ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہسپتال پر غیرذمہ دارانہ اور گھنائونا حملہ اور صحافیوں کو مسلسل نشانہ بنانا، بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قانون کے علاوہ آزادی صحافت کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل کی مسلسل جارحیت کو ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان شام پر اسرائیلی دراندازی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، شام کی خود مختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل کو پورے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے سے روکے۔



