ٹیکس کا پیسہ قوم کی امانت، ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا: شہباز شریف
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس کا پیسہ قوم کی امانت ہے، اس کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور ایک ایک پائی کا حساب دینا لازم ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں اوور انوائسنگ سے متعلق اہم پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اوور انوائسنگ کے حوالے سے قائم کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2017ء سے 2022ء کے دوران اوور انوائسنگ کا مکروہ دھندا جاری رہا جبکہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اس معاملے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کو مزید تیز کیا جائے تاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو کٹہرے میں لایا جا سکے۔
وزیراعظم نے مشتاق احمد سکھیرا کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی کارکردگی کو سراہا اور شاہد خان کی سربراہی میں ایک نئی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، جو غفلت کے مرتکب افسران اور اداروں کی نشاندہی کرے گی اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارشات پیش کرے گی۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔
انہوں نے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) کو فعال بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اس میں ایف آئی اے اور انٹیلیجنس بیورو کے نمائندوں کو شامل کیا جائے تاکہ مالی بے ضابطگیوں کی نگرانی مؤثر بنائی جا سکے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر نے سینٹرلائزڈ پرائس ویریفکیشن پورٹل تیار کر لیا ہے جو جون کے آخر تک بینکوں کے ساتھ منسلک ہو جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ ایف بی آر کے پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ونگ نے اکتوبر 2022ء میں اوور انوائسنگ کی نشاندہی کی، جس کے بعد اب تک 13 ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔



