لاہورسمیت کئی شہروں میں حادثات،8افراد جاں بحق
سمن آباد اورنج ٹرین سٹیشن کے قریب اعجاز،فیصل آباد میں موٹروے کراس کرتے میاں بیوی،تخت بھائی میں 2 سگے بھائی چل بسے
لاہور ،فیصل آباد(بیوروچیف،نمائندگان)لاہور میں ملتان روڈ پر سمن آباد اورنج ٹرین سٹیشن کے قریب تیزرفتار گاڑی نے راہگیر کو ٹکر دے ماری جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ گاڑی ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی شناخت اعجاز کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
سمندری کے قریب ایم تھری موٹروے کراس کرتے ہوئے میاں بیوی تیز رفتار گاڑی کی زد میں آ کر جا ں بحق ہو گئے۔
440 گ ب کا رہائشی 65سالہ جاوید ولد یٰسین اپنی اہلیہ 55سالہ بشریٰ اپنے ڈیرے پر جا رہے تھے کہ ایم تھری موٹروے پر تیزرفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس موقع پر پہنچی تو دونوں میاں بیوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکے تھے۔
تخت بھائی کے علاقے سید آباد روڈ پر تیزرفتار موٹر سائیکل ٹریکٹر ٹرالی کو اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری، موٹرسائیکل پر سوار دونوں سگے بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے پولیس نے لاشوں کو ہسپتال منتقل کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔
دکی میں کوئلہ کان میں ٹرالی کی ٹکر سے ایک کان کن اللہ محمد جاں بحق ہو گیا، لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیاگیا۔ شرقپور کے نواحی علاقے فیض پور انٹرچینج کے قریب ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے، بتایا گیاہے کہ نواحی گائوں غازی پور کے رہائشی محمد اشفاق اور محمد عمر لاہور میں سٹرابری فروخت کر کے واپس آرہے تھے کہ مبینہ طور پر نیند کے باعث ان کی گاڑی ٹریکٹر ٹرالی کے پیچھے جا ٹکرائی جس سے دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔



