لاہور(بیوروچیف)لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شمس محمود مرزا نے بی ایس آنرز کی ڈگری کو ماسٹر زکےمساوی قرار دیتے ہوئے درخواست نمٹادی،عدالت نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنے والے امیدواروں کونوکریوں کااہل قرار دے دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے ڈگریوں کی درجہ بندی کا اختیار وفاقی ہائرایجوکیشن کمیشن کو حاصل ہے،کوئی ادارہ اپنے طور پر ڈگریوں کی درجہ بندی کا اختیار نہیں رکھتا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پاک عرب سوسائٹی کے مالک وقار احمد خان کی جائیداد فروختگی کے کیس کی سماعت بغیر کارروائی 5 مئی تک ملتوی کر دی،عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز کو 27 اے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے معاونت کے طلب کر رکھا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں سانگلہ ہل میں 24 سو کنال سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے کیس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ننکانہ رانا امجد ودیگر کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس فاروق حیدر نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبد الصمد نے موقف اپنایا کہ دوران تفتیش ملزمان گناہگار پائے گئے، ممبر جوڈیشل بورڈ آف ریونیو نے انکوائری میں قصور وار قرار دیا۔
ممبر بورڈ آف ریونیو نے 24 سو کنال سے زائد کی غیر قانونی الاٹمنٹ منسوخ کی، ملزمان نے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے غیر قانونی طور پر اربوں روپے کی سرکاری اراضی من پسند لوگوں کو الاٹ کی، ملزمان کی گرفتاری تفتیش اور ریکارڈ کی برآمدگی کیلئے ضروری ہے، عدالت ملزمان کی عبوری ضمانت منظور کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے ۔



