لاہور ( سلمان حسین سے ) ’’ میرا سوہنا دیس پنجاب۔۔۔۔ شالا ہسدا دیس پنجاب ‘‘، تین دہائیوں بعد نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا پوری سج دھج سے آغاز کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے فورٹریس سٹیڈیم آمد پر وزیراعظم شہباز شریف کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف روایتی بگھی پر سوار ہوکر سلامی کے چبوترے پر پہنچے۔ چار گھڑ سواروں کے دستے نے چبوترے کے سامنے آکر ہارس اینڈ کیٹل شو کے آغاز کی اجازت طلب کی۔ مہمانان خصوصی نے رسمی اجازت دے کر ہارس اینڈ کیٹل شو2025کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ ہینڈ پرنٹ سے میلے کا منفرد ڈیجیٹل افتتاح بھی کیا۔ ہارس اینڈ کیٹل شو کا آغاز ہوتے فورٹریس سٹیڈیم ڈھول کی تھاپ سے گونج اٹھا۔ پاکستان، کویت، ناروے، عمان، قطر، سعودی عرب، سائوتھ افریقہ، امریکہ کی انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ ٹیموں کے دستوں نے مارچ کیا۔ پاکستان، ایران، ترکیہ، تاجکستان کی ارچری ٹیموں کے دستے نے بھی مارچ کیا۔
ڈھول کی تھاپ پر ناچتے اونٹ اور اونٹنیاں سے لائیو سٹاک مارچ کا آغاز ہوا۔ شو میں نیلی راوی ساہیوال اور دیگر پنجاب کی بہترین نسل کی بھینس کی نمائش کی گئی۔ لوہی، مندری بھیڑ،تھل فیصل آباد اور گجرات بیتل اور ناچی بکریوں کی نمائش بھی توجہ کا مرکز رہی۔ علاقائی اور صوبائی ثقافت کی عکاسی کرتے رنگ برنگے فلوٹ حاضرین کی دلچسپی کا مرکز بنے رہے۔ سجے سجائے فلوٹس پر روایتی علاقائی رقص کے مظاہرے پیش کئے گئے۔
سیکڑوں ڈھولچیوں کی دستے نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ بیک وقت 6ڈھول بجاتا ڈھولچی سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ ہارس اینڈ کیٹل شو میں درویش رقص کا سحر انگیز شو پیش کیا گیا۔ سلواکیہ کے ماہر فنکاروں نے لیزر لائٹس کرتب سے شائقین کو محظوظ کیا۔ مقدونیہ کے بینڈ نے ہارس اینڈ کیٹل شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ معروف کوریو گرافر وہاب شاہ نے سیکڑوں فنکاروں کے ہمراہ پنجاب کے روایتی گیت پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ عاطف اسلم کی خصوصی پرفارمنس پر ہزاروں بچوں اور نوجوان سٹیج کے سامنے جمع ہو گئے۔
تقریب میں ڈرون سے قومی پرچم، مینار پاکستان اور دیگر قومی و علاقائی لیزر امیج بھی پیش کئے گئے۔ ہارس اینڈ کیٹل شو میں مشعلیں روشن کی گئیں۔ ہارس اینڈ کیٹل شو میں کثیر تعداد میں فیملیز نے شرکت کی۔ تالیاں بجا کر داد دیتے رہے۔ مریم نواز نے حاضرین کے پاس جا کر ملاقات کی۔ حاضرین نے پرجوش نعروں سے وزیر اعلیٰ کا خیر مقدم کیا۔ ہارس اینڈ کیٹل شو میں شریک شائقین نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ بھی ادا کیا۔



