پاکستان،سعودیہ کا اسلام آباد، ریاض کو جڑواں شہر قرار دینے پر اتفاق
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اسلام آباد اور ریاض کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز پر سعودی نائب وزیر داخلہ ناصربن عبدالعزیز نے اتفاق کیاہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی سے سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الدائود نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی بھی موجود تھے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک سعودیہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کے باہمی تبادلوں اور مشترکہ ٹریننگ کے امور پر بھی بات ہوئی ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد اور ریاض کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز پیش کی جس پر سعودی وزیر نے اتفاق کیا اور ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ اس ضمن میں مزید ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ اور سعودی نائب وزیر داخلہ کی ملاقات میں پاکستان سے بھکاریوں کو سعودی عرب بھجوانے والے مافیا کی سرکوبی پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عملدرآمد پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پروفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی عرب میں 419 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لئے قانونی کارروائی جلد مکمل کی جائے گی۔محسن نقوی نے کہا کہ 4300 بھکاریوں کے نام ای سی ایل میں شامل کئے گئے ہیں، ایسے بھکاری مافیا کے خلاف ملک بھر میں موثر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔



