پاکستان، افغانستان کا دہشتگردی کیخلاف تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق : وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ کابل، ہم منصب سراج الدین حقانی سے ملاقات
سراج الدین حقانی سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، دراندازی، کالعدم تحریک طالبان، سرحد کی موثر مینجمنٹ، منشیات کی روک تھام، پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغانوں کی واپسی کے عمل پر تبادلہ خیال
کابل، اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان ہم منصب سراج الدین حقانی سے ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی، دراندازی اور کالعدم تحریک طالبان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاک افغان بارڈر مینجمنٹ اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے باہمی تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔
پاک افغان سرحد کی موثر مینجمنٹ، منشیات کی روک تھام، سرحد پار نقل و حرکت کو منظم کرنے کے طریقہ کار سمیت پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے وطن واپسی کے عمل پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ دہشت گرد تنظیمیں فساد اور عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں، ہم سب کو مل کر اسے روکنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ اور دیرپا تعلقات کا خواہاں ہے۔
پاکستان نے کئی دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کی بے لوث مہمان نوازی کی، شہریوں کی قانونی طور پر آمد کے دروازے کھلے ہیں۔ اس سے قبل وزیرداخلہ محسن نقوی ایک روزہ سرکاری دورے پر افغانستان میں کابل انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے تو افغانستان کے نائب وزیر داخلہ محمد نبی عمری نے وزیر داخلہ ان کا استقبال کیا، افغان وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔



