پاکستان ایجو کیشن اکیڈیمی اور انگلش لینگویج سکول دبئی میں تعطیلات کے بعد بچوں کا شاندار استقبال
یہ تعلیمی سال بھی بچوں کے لیے کامیابیوں کا سال ہوگا، مس شمائلہ احمد پرنسپل پاکستان ایجو کیشن اکیڈیمی دبئی
دبئی (حافظ زاہد علی ) موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد دبئی کے تمام اسکول آج دوبارہ کھل گئے۔ شہر بھر میں اسکولوں کو پرجوش انداز میں سجایا گیا اور بچوں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ ہر طرف خوشی اور جوش و خروش کا ماحول دیکھنے کو ملا۔
پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی میں بچوں کے “ویلکم بیک ٹو اسکول” کے موقع پر خصوصی انتظامات کیے گئے۔ رنگا رنگ بینرز، رنگ برنگے غبارے اور دلکش سجاوٹ نے اسکول کے ماحول کو جشن کا روپ دے دیا۔ بچے اساتذہ اور اپنے دوستوں سے مل کر بے حد خوش نظر آئے۔ نئی کلاسوں میں جانے اور نئے کلاس فیلوز سے ملاقات نے بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔

اس موقع پر اسکول کی پرنسپل شمائلہ احمد نے کہا کہ تعطیلات کے بعد بچے بھرپور توانائی اور تازہ دم ہو کر اسکول آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ہماری کوشش ہے کہ بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ایک ایسا تعلیمی ماحول فراہم کریں جو انہیں اعتماد اور کامیابی کی نئی راہیں دکھائے۔
”وائس پرنسپل قاضی اویس الدین نے کہا کہ اسکول اسٹاف نے دن رات محنت کر کے نئے تعلیمی سال کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔ “ہم چاہتے ہیں کہ بچے نہ صرف نصاب بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کریں، تاکہ ان کی شخصیت ہمہ جہت انداز میں پروان چڑھے۔

”اسی طرح انگلش لینگویج اسکول دبئی میں بھی تعطیلات کے بعد پہلے دن کو یادگار بنانے کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا۔ اسکول کی عمارت کو خوش آمدیدی بینرز اور رنگین سجاوٹ سے مزین کیا گیا۔ پرنسپل محمد عاطف نے کہا: “بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی ذہنی و جذباتی نشوونما بھی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم والدین کے تعاون کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ یہ سال شاندار تعلیمی کامیابیوں کا سال ہوگا۔
”وائس پرنسپل جسپال کور نے کہا کہ “اساتذہ نے طلبہ کے لیے منفرد سرگرمیاں تیار کی ہیں تاکہ وہ خوشی اور دلچسپی کے ساتھ تعلیمی سال کا آغاز کریں۔” جبکہ وائس پرنسپل پرائمری وجیہہ عامر نے کہا کہ “چھوٹے بچوں کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ایک خوشگوار اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

”والدین بھی اسکولوں کے دلکش مناظر اور بچوں کے پرجوش استقبال سے خوش دکھائی دیے۔ انہوں نے انتظامیہ کی محنت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ سال ان کے بچوں کے لیے کامیابیوں اور خوشیوں سے بھرپور ہوگا



