لاہور ( بیورو چیف/سید ظہیرنقوی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور میں ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان نے محرم الحرام کو پرامن اور محفوظ بنانے کیلئے سکیورٹی اقدامات بارے بریفنگ دی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں عشرہ محرم الحرام میں 38 ہزار سے زائد مجالس منعقد اور 09 ہزار 200 سے زائد عزاداری جلوس برآمد ہونگے۔
عشرہ محرم الحرام کے دوران 02 لاکھ 32 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں 28 ہزار سے زائد افسران و اہلکار محرم الحرام کی سکیورٹی پر تعینات ہونگے۔ مجالس سکیورٹی پر 53 ہزار اور عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 38 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار صوبہ بھر میں معاونت فراہم کریں گے۔
آئی جی پنجاب نے محرم الحرام کو پرامن، محفوظ بنانے کے عزم اور سکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی حالیہ سٹریٹجک صورت حال کے پیش نظر محرم الحرام کی سکیورٹی زیادہ چیلنجنگ اور حساس ہے۔
ملک دشمن عناصر دہشتگردی اور شرپسندی کے ذریعے ملکی سالمیت و امن کیلئے خطرات پیدا کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ امن دشمن عناصر کی فرقہ واریت، مذہبی منافرت اور لا اینڈ آرڈر متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنائیں گے۔



