پاکستانتازہ ترینصحتعلاقائی خبریں

شبیہ ذوالجناح کی صحت و تندرستی یقینی بنانے کیلئے خصوصی ویٹرنری انتظامات

لاہور:(ویب ڈیسک) حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب نے عشرۂ عاشورہ کے دوران شبیہ ذوالجناح کی صحت و تندرستی کو یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر میں خصوصی ویٹرنری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

اس سلسلے میں محکمہ لائیو سٹاک پنجاب نے ماہر ویٹرنری ڈاکٹروں پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جبکہ صوبہ بھر میں ایمرجنسی ویٹرنری کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں۔

ان کیمپس میں تجربہ کار ویٹرنری ڈاکٹرز، ویٹرنری اسسٹنٹس اور معاون عملہ محرم الحرام کے مقدس ایام کے دوران شبیہ ذوالجناح کی صحت کی مسلسل نگرانی کریں گے اور بیماری یا زخمی ہونے کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کریں گے۔

محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کی موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز بھی عاشورہ کے جلوسوں کے ہمراہ موجود رہیں گی تاکہ دورانِ جلوس کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ویٹرنری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ موبائل ڈسپنسریز پر ویٹرنری آفیسرز، ویٹرنری اسسٹنٹس اور ڈرائیورز تعینات کیے گئے ہیں جو تین شفٹوں میں اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔

ایمرجنسی ویٹرنری کیمپس اور موبائل ڈسپنسریز کو تمام ضروری ادویات اور طبی سامان فراہم کر دیا گیا ہے، جن میں پانی اور نمکیات کی کمی پوری کرنے والی ڈرپس، صحت بحالی کی ادویات، زخموں کی مرہم پٹی کا سامان، سٹیچرنگ میٹریل، جراثیم کش ادویات، ملٹی وٹامن انجیکشنز، فرسٹ ایڈ باکسز اور ضروری سرجیکل آلات شامل ہیں۔

شہر لاہور میں نثار حویلی، کربلا گامے شاہ، پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ، علی رضا آباد، علامہ اقبال ٹاؤن، رائیونڈ سٹی سمیت دیگر اہم مقامات پر خصوصی ایمرجنسی ویٹرنری کیمپس اور موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز تعینات کی گئی ہیں۔

محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب عشرۂ عاشورہ کے دوران عوامی خدمت اور جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے پیشہ ورانہ فرائض بھرپور انداز میں سرانجام دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ شبیہ ذوالجناح کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button