ڈنمارک:قران کی بیحرمتی پر پہلا مقدمہ،2افراد پر فرد جرم عائد
کوپن ہیگن:(ویب ڈیسک)یورپی ملک ڈنمارک نے قرآن کی بے حرمتی پر پابندی کے قانون کے تحت 2 افراد پر فرد جرم عائد کر دی۔
رپورٹ کے مطابق ڈنمارک کی جانب سے مقدس کتاب کے نسخے نذر آتش کرنے کے واقعات کے بعد یہ قانون منظور کیا گیا تھا، جبکہ ان واقعات کے باعث مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔
ان دونوں افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تھی، ان افراد پر جون میں ایک تہوار کے دوران سیاسی، معاشی اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ایک مجمع کے درمیان قرآن پاک کے نسخے کے ساتھ نامناسب برتاؤ کا الزام ہے۔
دارالحکومت کوپن ہیگن کی پراسیکیوشن اتھارٹی اور مقامی میڈیا نے ان افراد کی جانب سے مبینہ بے حرمتی کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
پراسیکیوٹر نے ایک بیان میں کہا کہ یہ غیر قانونی حرکتیں عوامی سطح پر ہوئیں، جس کی لوگوں نے ویڈیو ریکارڈ کیں اور فیس بک پر براہ راست نشر کیا گیا۔
نئی قانون سازی 7 دسمبر 2023 کو منظور کی گئی تھی اور کئی دن بعد اس پر عمل درآمد شروع کیا گیا، جبکہ اس سے قبل ڈنمارک اور پڑوسی ملک سویڈن میں اسلام کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کے مختلف واقعات سامنے آنے کے بعد مسلم ممالک میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔
قانون توڑنے والوں کو جرمانہ یا 2 سال تک جیل کی سزا ہوسکتی ہے، ڈنمارک کے روزنامہ پولیٹکن کے مطابق پولیس 22 جنوری تک قانون سے متعلق 8 خلاف ورزیوں کی تحقیقات کر رہی تھی۔



