یونان کشتی حادثہ میں ملوث اشتہاری سمیت 4ایجنٹ گرفتار
محمد شہاب ، عارف حسین ، عبد الوحید ،محمد اعظم کو گوجرانوالہ،گجرات سے پکڑا گیا،ملزموں نے شہریوں سے 92لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے
لاہور(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) ایف آئی اے گوجرانوالہ نے یونان کشتی حادثے میں ملوث اشتہاری سمیت 4 ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزموں محمد شہاب مشتاق، عارف حسین ، عبد الوحید اور محمد اعظم کو گوجرانوالہ اور گجرات سے حراست میں لیا گیا۔
ملزم عبد الوحید نے شہری کو سمندر کے راستے یونان بھجوانے کیلئے 26لاکھ روپے سے زائد وصول کیے اور اسے یونان کے بجائے لیبیا بھجوایا جہاں اسے سیف ہاؤس میں محصور کر کے تاوان کا مطالبہ کیا، یونان سمگلنگ کے دوران کشتی کو حادثہ پیش آگیا جس میں کئی پاکستانی شہریوں کی موت واقع ہوئی، متاثرہ شہری کو ریسکیو کر لیا گیا تھا۔
ملزم محمد شہاب مشتاق نے شہریوں کو کینیڈا بھجوانے کیلئے 61 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے۔ملزم عارف حسین نے شہری کو غیر قانونی طریقے سے ملائیشیا بھجوانے کی غرض سے 2 لاکھ روپے اور 3500ملائیشین رنگٹ لیے۔
ملزم محمد اعظم سال 2010 سے مفرور ہے جس نے شہری کو ملائشیا ملازمت کی غرض سے بھجوانے کیلئے 97 ہزار روپے وصول کیے تھے۔ گرفتار ملزم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے، ملزموں سےتفتیش کا آغازکر دیا گیا ہے۔


