لاہور ( بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) سی سی ڈی چوہنگ اور سی سی ڈی اقبال ٹائون پولیس کے مبینہ پولیس مقابلوں میں 5منشیات فروش ہلاک ہو گئے مارے جانے والے ملزمان کو ریکوری کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں زیر حراست ملزم مارے گئے جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔
ترجمان کے مطابق سی سی ڈی اقبال ٹائون پولیس کے اہلکار زیر حراست منشیات فروشوں عاشق ، عظیم، خرم اور اسلم کو ریکوری کے لئے لیجا رہے تھے کہ راستے میں ان کے نامعلوم ساتھیوں نے انہیں چھڑوانے کے لیے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کی زد میں آکر چاروں زیر حراست ملزم گولیاں لگنے سے ہلاک ہو گئے، جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دوسرے واقعہ میں چوہنگ کی حدود میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں ملزم جاوید ہلاک ہو گیا۔
پولیس نے لاشیں پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر کے نامعلوم ساتھیوں کی تلاش کے لیے ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ادھر گوجرانوالہ میں اپنی ہی تین سالہ بچی سے زیادتی کا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ کھیالی کے علاقے میں پیش آیا۔ ملزم اشفاق کو پولیس پھولوں والے باغ کی طرف برآمدگی کے لیے لیکر جا رہی تھی کہ نوشہرہ سانسی روڈ کی جانب سے نامعلوم موٹر سائیکل سوار آئے اور ملزم اشفاق کو چھڑوانے کے لئے فائرنگ کی۔
پولیس نے جوابی فائرنگ کی لیکن ملزمان کی فائرنگ سے اشفاق کو گولیاں لگ گئیں جبکہ اس دوران گولیاں پولیس وین پر بھی لگیں۔ اشفاق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔ ملزمان کے خلاف قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔



