مریدکے، نارنگ منڈی، گگو منڈی، چناب نگر، رحیم یار خان ( نمائندگان/ویب ڈیسک) نارووال مرید کے روڈ پر تیز رفتار بس اور مسافر ویگن کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ماں، بیٹے سمیت 3مسافر جاں بحق جبکہ20زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد سے نارووال کے علاقہ ددھوچک جانے والی مسافر بس لدھیکے غربی کے قریب سامنے سے آنے والی ویگن سے ٹکرا گئی۔
ریسکیو 1122کی ٹیموں نے ویگن کے آہنی حصے کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکالا اور قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا۔ زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک بیان کیا جاتی ہے۔ ادھر گگو منڈی میں ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل سوار دو افراد کو کچل دیا، دونوں شدید زخمی ہوگئے۔
مزید برآں درہ سٹاپ چناب نگر کے رہائشی عرفان کا چھ سالہ بیٹا عرمان علی چیز لینے کیلئے گھر سے باہر نکلا تو گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی کے نیچے آگیا، جس کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا،،ٹرالی ڈرائیور فرار ہو گیا۔ دوسری جانب 36سالہ جگا نامی شخص ریلوے پھاٹک کے قریب چل رہا تھا کہ اچانک کراچی سے سرگودہا جانے والے ٹرین ملت ایکسپریس آگئی، جگا ٹرین کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو 1122کی ٹیم نے ڈیڈ باڈی پولیس کے حوالے کر دی۔ ادھر رحیم یار خان میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں 3افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ظاہر پیر انٹرچینج کے قریب پیش آیا جہاں بس اور ایمبولینس میں ٹکر ہوگئی۔
لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ایمبولینس میت لے کر کراچی جارہی تھی۔



