انخلا کے 3سال بعد امریکی وفد غیر معمولی دورے پر کابل پہنچ گیا
امریکہ سے تعمیری تعلقات کے خواہاں، طالبان: امریکی شہری جارج گلیزمن کو رہا کر دیا
کابل ( ویب ڈیسک) امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے 3سال بعد امریکی وفد غیر معمولی دورے پر کابل پہنچ گیا۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان اور امریکی وفد کے درمیان کابل میں اہم ملاقات ہوئی۔
امریکی خصوصی ایلچی برائے مغوی افراد ایڈم بوہلر اور زلمے خلیل زاد ملاقات میں شامل تھے، افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے امریکی وفد کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں قیدیوں کی رہائی اور دو طرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی جس کے بعد طالبان نے امریکی شہری جارج گلیزمن کو رہا کر دیا۔ جارج گلیزمن کو 2022ء میں کابل میں طالبان نے حراست میں لیا تھا۔
افغان میڈیا کے مطابق جارج گلیزمن کی رہائی کے لیے قطر نے اہم کردار ادا کیا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے جارج گلیزمن کی رہائی کو مثبت قدم قرار دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ چند امریکی اب بھی افغانستان میں قید ہیں۔ افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کا کہنا ہے کہ افغانستان متوازن خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے، امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات کے خواہاں ہیں، امریکہ کو مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئیں تاکہ اعتماد بحال ہو سکے۔
امیر خان متقی کے مطابق دونوں ممالک کو 20سال کی جنگ کے اثرات سے نکلنے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کو مستقبل میں مثبت سیاسی و اقتصادی تعلقات بنانے کی ضرورت ہے۔



