
لاہور(بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) اچھرہ میں میں قتل کی لرزہ خیز واردات ، تین کمسن بچوں کو گلے کاٹ کر قتل کر دیا گیا، پولیس نے متضاد بیان پر والدین اور چچا کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی تاہم بعد میں ابتدائی تفتیش کے دوران ماں نے بچوں کو قتل کرنیکا اقبال جرم کرلیا ۔
پولیس کے مطابق 15پر اطلاع ملی کہ دو بچیوں اور بچے کی لاشیں ملی ہیں، بچوں کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا۔ ریسکیو 1122کے مطابق اچھرہ کے علاقہ شاہ جمال ماشاء اللہ پلازہ میںتینوں بچوں کا گلا تیز دھار آلے سے کاٹا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق 5سالہ مومنہ بتول، 4سالہ مومن رضا اور ڈیڑھ سالہ ام حبیبہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی۔
بچوں کے والدین نے ابتدائی بیان دیا کہ گھر کو باہر سے تالا لگا کر میڈیکل سٹور پر ادویات لینے کیلئے گئے تھے، جب واپس گھر آئے تو بچوں کی گردنیں کٹی ہوئی تھیں۔ واپسی پر انہوں نے گھر کے اندر اپنے بچوں کو مردہ حالت میں پایا، جن کے گلے تیز دھار آلے سے کاٹے گئے تھے۔ ایس ایس پی توقیر نعیم نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے متضاد بیانات پر بچوں کے والد رمضان، والدہ ردا اور چچا کو حراست میں لے لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہورکا کہنا ہے کہ اچھرہ میں تین بچوں کے قتل کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچوں کو ان کی ماں نے قتل کیا، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق خاوند بچوں کے حوالے سے اکثر طعنے مارتا تھا، ماں نے تین روز قبل چھری خریدی تھی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ طعنوں سے تنگ آکر بچوں کو مارنے سے پہلے اس نے اپنے آپ کو مارنے کا منصوبہ بنایا، ماں نے سوچا اگر وہ مر گئی تو بچوں کو اس کا والد گھر سے نکال دے گا، خاتون کا خاوند اسے لوگوں سے ناجائز تعلقات کیلئے بھی مجبور کرتا تھا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات بچوں کی والدہ اور ساس میں شدید تلخ کلامی ہوئی، والدہ سے تکرار پر چچا گھر آیا اور بھابھی کو برا بھلا کہا، واردات میں استعمال ہونیوالی چھری والدہ نے گذشتہ روز خریدی تھی ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تین معصوم بچوں کے قتل پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے معصوم بچوں کے قاتل کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے سفاکانہ قتل کا واقعہ انتہائی تکلیف دہ ہے ، معصوم بچوں کے قتل کے ذمہ دار قانونی کارروائی اور کڑی سزا سے نہیں بچ سکیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے مقتول بچوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی، صبرکی دعا کی ہے۔



