پاک، افغان مشترکہ کمیٹی کا 15ماہ بعد کابل میں اجلاس
پاکستانی وفد کی افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے تعمیری اور بامعنی ملاقات
کابل ( ویب ڈیسک) افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق نے کہا ہے کہ مشترکہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس طویل عرصے بعد کابل میں منعقد ہوا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سفیر محمد صادق نے کہا کہ 15ماہ کے وقفے کے بعد مشترکہ رابطہ کمیٹی ( جے سی سی) کا اجلاس کابل میں منعقد ہوا، جو حساس اور سٹریٹجک مسائل کے تدارک کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے میکنزم کے ذریعے مستقل اور سودمند ملاقاتیں کشیدگی کم کرنے، خدشات دور کرنے اور دوطرفہ تعلقات میں باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے اہم ہیں۔
محمد صادق نے کہا کہ جے سی سی اجلاس کے لیے جانے والے پاکستانی وفد نے افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی سے کابل میں تعمیری اور بامعنی ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دوطرفہ اور علاقائی مسائل پر وسیع گفتگو کی گئی، جو ہمارے مضبوط تعاون اور ترقی کے لیے عزم کا مظہر ہے۔



