انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

پاکستان، افغانستان، ازبکستان کے درمیان ریلوے معاہدہ: تجارت، ٹرانزٹ اور سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

تینوں ممالک نے دستخط کر دئیے: یو اے پی منصوبہ وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی دیگا، ترجمان دفتر خارجہ

کابل، اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے معاہدہ طے پا گیا۔ تینوں ممالک نے کابل میں یو اے پی (UAP) ریلوے منصوبے کے فیزیبلٹی سٹڈی معاہدے پر دستخط کر دئیے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار گزشتہ روز ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل پہنچے، جہاں اُن کا استقبال افغان نائب وزیر خارجہ محمد نعیم وردگ اور افغانستان میں پاکستان کے سفیر عبید الرحمان نظامانی نے کیا۔
اس موقع پر وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان اور وفاقی سیکرٹری ریلوے سید مظہر علی شاہ بھی نائب وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ افغانستان پہنچنے کے بعد اسحاق ڈار کی افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عبوری افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تسلسل پر زور دیتے ہوئے تجارت، ٹرانزٹ اور سکیورٹی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے بعد پاکستان، افغانستان اور ازبکستان نے یو اے پی ریلوے منصوبے کے فیزیبلٹی سٹڈی معاہدے پر دستخط کر دئیے۔ یو اے پی منصوبہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کو ریلوے لنک سے جوڑنے کیلئے ہے، جو وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی دے گا۔ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کی عوام کو مبارکباد دی ۔
انہوں نے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے پر بروقت دستخط ان کی حمایت اور عزم کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو اے پی(UAP) ریلوے کوریڈور علاقائی رابطے اور معاشی انضمام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی بنیاد 2022-23کی پی ڈی ایم حکومت کے دور میں رکھی گئی جب وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر انہیں دوست ممالک کے ساتھ اس منصوبے کی قیادت سونپی گئی اور ہم نے مشترکہ طور پر اس تاریخی اور انقلابی منصوبے کی بنیاد رکھی جو پورے خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ مزید برآں اسحاق ڈار اور افغانستان کے قائم مقام وزیرداخلہ سراج الدین حقانی کی بھی کابل میں ملاقات ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنمائوں کی ملاقات یو اے پی(UAP)ریل کوریڈور کے فریم ورک معاہدے کی تقریب کے موقع پر ہوئی۔ ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان سکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور علاقائی ممالک کو درپیش خطرات کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق افغان قائم مقام وزیرداخلہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے سکیورٹی اور بارڈر مینجمنٹ کے مسائل حل کرنے ، اقتصادی تعاون اور علاقائی رابطے کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button