مودی سرکار کا ’’ آپریشن مہادیو‘‘ فیک نکلا، بھارتی فوج کا جھوٹا مقابلہ بے نقاب
مقصد صرف پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی شرمندگی سے بچنا تھا، بھارتی ماہرین، تجزیہ کاروں، اپوزیشن کی کڑی تنقید
نئی دہلی، سری نگر (ویب ڈیسک) بھارت میں 28جولائی 2025ء کو کیے گئے ایک بڑے سکیورٹی آپریشن ’’ آپریشن مہادیو‘‘ کے حوالے سے کئی نئے انکشافات سامنے آئے ہیں، جنہوں نے اسے ایک فالس فلیگ (False Flag)آپریشن قرار دینے والوں کو تقویت دی ہے۔
بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ سری نگر کے جنگلات میں ہونے والے اس آپریشن میں بھارتی فوج نے تین افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان میں سرفہرست ایک مبینہ دہشتگرد سلیمان شاہ تھا، جسے پہلگام حملے کا ماسٹر مائنڈ بتایا جا رہا ہے۔ تاہم اس آپریشن پر اب شکوک و شبہات کے گہرے سائے چھا گئے ہیں۔ متعدد ماہرین، تجزیہ کاروں اور اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک ’’ فیک ان کائونٹر‘‘ تھا جس کا مقصد صرف پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی اور سیکیورٹی شرمندگی سے بچنا تھا۔
رپورٹس کے مطابق، مارے گئے افراد کی شناخت، تصاویر اور ان کے ناموں میں واضح تضادات سامنے آئے ہیں۔ مثلا سلیمان شاہ کو بیک وقت ہاشم موسیٰ، فیصل جٹ اور ابو طلحہ کے نام سے بھی پکارا گیا، جو اس واقعے کی حقیقت پر سوال کھڑے کرتا ہے۔ جاری کی گئی تصاویر میں لاشوں کے سروں کے منڈے ہوئے بال، بغیر میگزین والے ہتھیار، اور ہاتھوں کا ٹریگر سے ہٹا ہونا اس شک کو مزید بڑھاتا ہے کہ شاید ان افراد کو پہلے گرفتار کیا گیا، اور پھر بعد میں ایک فرضی ان کائونٹر دکھایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ بی جے پی حکومت کی جانب سے پارلیمان میں اپوزیشن کے سخت سوالات سے توجہ ہٹانے کے لیے کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے بھارت نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے بلکہ خطے میں کشیدگی بڑھانے کا بھی سبب بن رہا ہے۔ مزید برآں بھارتی مودی سرکار کی اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام سازشوں میں اور قوم پرستی کے جنون کو ہوا دینے کے لیے آپریشن ’’ شیو شکتی‘‘ فیک ان کائونٹرز کی ایک اور قسط ہے۔ مودی سرکار نے مصنوعی بیانیہ بنانے کے لیے 2بے گناہ افراد کو ایل او سی پر شہید کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر 2دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ اس حوالے سے بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
پونچھ کے قریب ایل او سی پر دہشتگردوں کیخلاف کارروائی میں 3ہتھیار بھی برآمد کیے گئے۔ آپریشن شیو شکتی انٹیلیجنس یونٹس اور پولیس میں باہمی اشتراک سے کیا گیا۔ سوچے سمجھے سکرپٹ کے تحت کارروائیاں ملٹری ازم کے فروغ کی ناکام کوشش ہیں ۔ ان بھارتی آپریشنز کے وقت کا تعین اور کارروائی کا طریقہ کار کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ ایسی کارروائیاں تنقید کو دبانے، بدعنوانی، مہنگائی اور پالیسی کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔
بی جے پی کی حکومت اندرونی اختلافات، معاشی زوال اور انٹیلیجنس ناکامیوں پر شدید تنقید کی زد میں ہے۔ مودی سرکار اندرونی بحران چھپانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر مصنوعی فرضی خطرات کھڑے کر رہی ہے۔



