سکولوں کی تعطیلات میں توسیع،ہائیکورٹ حکومتی فیصلے پر برہم
والدین بھاری فیسیں بچوں کی تعلیم کے لیے ادا کرتے ہیں،کبھی فوگ اور کبھی گرمی کے نام پر سکول بند کرنا درست نہیں:جسٹس جواد حسن جواد،فریقین کونوٹس جاری
لاہور:(بیوروچیف)پنجاب حکومت کے گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں چیلنج کر دیا گیا۔ ابتدائی سماعت کے بعد جسٹس جواد حسن نے درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔
درخواست گزارکے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تین ماہ تک تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنا بچوں کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔عدالت نے حکومتی فیصلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کس پالیسی کے تحت تعطیلات میں توسیع کی گئی ہے؟ ۔
جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دئیے کہ جنگ کے دنوں میں بھی عدالتیں کھلی رہی ہیں، کبھی فوگ کے نام پر اور کبھی گرمی کے نام پر اسکول بند کرنا درست نہیں۔
عدالت نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا بچوں کا بنیادی حق ہے جس سے انہیں محروم نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ والدین بھاری فیسیں بچوں کی تعلیم کے لیے ادا کرتے ہیں۔
عدالت نے سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیا۔



