لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) ایشیا کپ 2025کے دوسرے میچ میں بھارت نے یو اے ای کو یکطرفہ مقابلے میں 9وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس جیت کر یو اے ای کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ یو اے ای کی ٹیم 13اعشاریہ ایک اوور میں 57رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔یو اے ای کی جانب سے اوپننگ بیٹر علیشان 22اور کپتان وسیم 19رنز بنا کر نمایاں رہے، ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 4اور شیوام دوبے نے 3وکٹیں حاصل کیں۔بھارت نے 58رنز کا ہدف با آسانی 4.3اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ابھیشیک شرما 30رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ شبمن گل 20اور کپتان سوریا کمار یادیو 7رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔



