لاہور ( بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) لاہور شہر میں ڈاکوئوں نے جدید فورس سی سی ڈی کے زیر حراست اپنے ہی 6 ساتھی مار دیئے اور دو کو لے کر فرار ہو گئے ، جدید ہتھیاروں سے لیس پولیس اہلکار نہ زیر حراست ملزمان کو بچا سکے اور نہ ہی حملہ آور ہی پکڑے جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق چوہنگ سی سی ڈی کے اہلکار زیر حراست ملزم الیاس منشاء کو ریکوری کے لیے جوبلی ٹائون لے جا رہے تھے کہ اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کے لیے حملہ کر دیا جس کی زد میں آکر الیاس منشا مارا گیا اس کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔
دوسرے مقابلے میں سی سی ڈی چوہنگ کے ہی زیر حراست ملزمان ارشاد ، ابراہیم اور فاروق بھی اپنے ہی ساتھیوں کے فائرنگ سے ہلاک ہو گئے جبکہ مبینہ مقابلہ میں سی سی ڈی اہلکار محفوظ رہے۔ تیسرا مقابلہ دو موریہ پل کے قریب ہوا جہاں پولیس کی زیر حراست دو ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گئے جن کی شناخت اسلم اور جمیل کے نام سے ہوئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی ملزمان کو ریکوری کے لئے لوہے والی پلی لیکر گئی تھی جہاں ان کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ان کے دو ساتھی مارے گئے اور سی سی ڈی کے زیر حراست ایک ملزم فرار ہوگیا۔ سندر کے علاقے میں پولیس کے چھاپے کے دوران ملزم نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق خودکشی کرنے والے ملزم کی شناخت 38سالہ خالد کے نام سے ہوئی ،سبزہ زار تھانہ کا اے ایس آئی نواز ملزم کو گرفتار کرنے سندر آیا ، ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی خود کو گولی مارلی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی۔
What is CCD in police?



