لاہور ( سلمان حسین) پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کو با آسانی 9وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1۔1سے برابر کر دی۔ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
جنوبی افریقی بیٹنگ لائن پاکستان کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پوری پروٹیز ٹیم 110رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔
میچ کیلئے پاکستان کی پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ۔ شاہین آفریدی کی جگہ سلمان مرزا کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ پاکستان کے خلاف جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، کوئی بھی بیٹر زیادہ دیر تک پچ پر رک کر بیٹنگ نہ کر سکا اور یکے بعد دیگر وکٹیں گرتی گئیں۔
پوری ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 110رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ 7بیٹر ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے۔ صرف ڈیوالڈ بریوس 25 اور ڈونون فریرا 15رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ کاربن بوش نے 11اور بارٹ مین نے 12رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلمان مرزا نے 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نسیم شاہ نے 2اور ابرار احمد کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
پاکستان نے 111رنز کا ہدف صائم ایوب کی برق رفتار اننگز کی بدولت 14ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ گرین شرٹس کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 28رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
صائم ایوب 38گیندوں پر 71اور بابر 11رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ یوں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 9وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1۔1سے برابر کر دی۔ سیریز کا فیصلہ کن میچ آج لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔ دوسری طرف پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار بیٹر بابر اعظم نے ایک اور اہم اعزاز حاصل کرلیا۔
بابر اعظم نے بھارت کے سابق کپتان روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں سر انجام دیا۔ سابق بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر 159میچوں میں 4231رنز بنائے تھے جبکہ بابر کو روہت کا ریکارڈ توڑنے کیلئے صرف 9رنز درکار تھے ۔
بابر نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں اپنی اننگز کا 9واں رنز مکمل کرکے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر کا اعزاز حاصل کیا۔



