پاکستانتازہ ترینتعلیم/ادب

پنجاب کابینہ، محکموں کے سخت احتساب کیلئے دوسر اجلاس، فیصلہ کن اقدامات

مریم نواز کی فلپائنی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی پیشکش، سفیر کی ملاقات، اشتراک کار مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

لاہور ( سلمان حسین) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پوری پنجاب کابینہ اور تمام محکموں کا سخت احتساب کیلئے دوسرے روز بھی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو تمام ڈیپارٹمنٹس کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر محکموں میں جاری منصوبوں پر پیشرفت کی کڑی سکروٹنی جاری جبکہ کامیابیوں کا ناقابلِ تردید ریکارڈ اور نئے فیصلہ کن اقدامات کیے گئے۔
وزیراعلیٰ کے زیرصدارت 3گھنٹے طویل محکمانہ پر فارمنس ریویو اجلاس میں پنجاب میں شاندار کامیابیوں کی طویل فہرست پیش اور مستقبل کے بڑے فیصلے بھی کیے گئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 33ارب روپے کے تاریخی ریونیو کے ساتھ پنجاب مائنز اینڈ منرلز نے کارکردگی کا نیا معیار متعین کر دیا ہے۔ صرف ایک سال میں کلینک آن ویل سے 1کروڑ 65لاکھ مریضوں کا علاج ہوا۔ مریم نواز ہیلتھ کلینک سے مجموعی طور پر 46لاکھ 72ہزار مریض مستفید ہوئے۔
مریم نواز ہاسپٹل میں 16ہزار 700سے زائد کامیاب سرجریاں کی گئیں۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ17ہزار سے زائد ٹی بی، ہیپاٹائٹس اور ذیابیطس ٹائپ ون مریضوں کو گھر پر ادویات کی فراہمی کی گئی۔ سیلاب کے دوران میڈیکل کیمپ، کلینک آن ویل، فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن بوٹ پر ساڑھے 12لاکھ مریضوں کا علاج کیا گیا۔ مائنز اینڈ منرلز راشن کارڈ پروگرام کے تحت 17655ورکرز کو کارڈ مل گئے اور 40ہزار سے زائد بینک ٹرانزیکشنز کے ذریعے 12 کروڑ روپے براہِ راست ورکرز تک پہنچے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ40ہزار سے زائد سپیشل بچوں کے لیے غذائیت بخش لنچ فراہم کیا گیا۔
سپیشل ایجوکیشن مراکز پر 36ہزار سے زائد بچوں کا مفت اور فوری علاج ہوا۔ پنجاب میں سپیشل ایجوکیشن مراکز اور بسوں میں ہراسانی کے واقعات کے سدباب کے لیے پہلی بار ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا آغاز کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی آئی ٹی بی کی معاونت سے سپیشل بچوں کیلئے پہلی بار ڈور ٹو ڈور داخلہ مہم کا آغاز ہوچکا ہے۔ پنجاب میں تمام سپیشل ایجوکیشن مراکز کی بحالی اور فوری تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ پنجاب میں 16 سے 18سال کے سپیشل بچوں کی کمپوٹر ٹریننگ شروع کر دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آئندہ سیلاب سے تحفظ اور ریلیف ریسکیو کیلئے جنگی بنیادوں پر کام شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے عارضی واٹر ٹینک کے استعمال کرنے اور رابطہ نہروں کی آبی استعداد کم ہونے پر ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کو فلڈ ایمرجنسی صورتحال کیلئے ضرورکی بنیاد پر سٹاف رکھنے کی مشروط اجازت بھی دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور میں 13سہولت بازار مکمل فعال ہوچکے ہیں جبکہ دیگر اضلاع میں 33سہولت بازار دسمبر تک مکمل آپریشنل ہوں گے۔ مریم نواز ہیلتھ کلینک میں معیاری علاج کی بدولت مریضوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا۔ مریم نواز ہیلتھ کلینک میں ڈیجیٹل سرویلنس کے ذریعے صفائی، حاضری، سروس ڈلیوری اور دیگر اہم امور کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ مریم نواز ہیلتھ کلینک کے اوپی ڈی میں 35لاکھ مریضوں کا علاج کیا گیا۔ مریم نواز ہیلتھ کلینک میں اوپی ڈی، اے این سی، ڈیلیوری، پی این سی، ایف پی اور چائلڈ ایمونائزیشن کی سہولیات میسر ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں پہلی بار کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر پروگرام کا پنجاب کے چار اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 570777گھروں میں مقیم 636180 خاندان اور 3036245 افراد رجسٹرڈ کیے گئے۔
کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر گھر گھر جاکر تعلیم، صحت، زراعت ،سوشیو اکنامک پروفائل اور دیگر معلومات کا ڈیٹا مرتب کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل طور پر نافذ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب بھر میں اوسطاً45منٹ کے فیصلے پر امراض قلب کے علاج کی سہولت فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے313دیہی مراکز صحت کو 30جون تک مکمل آئوٹ سورس کرنے کا ہدف مقرر کر دیا۔ اجلاس میں پہلی مرتبہ ڈاکٹر اور مریض کے درمیان رابطے کیلئے ٹیلی میڈیسن سسٹم نافذ کرنے فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام ہسپتالوں میں ہیلتھ انفارمشین مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کی ہدایت، مریض اور ڈاکٹر دونوں ڈیٹا دیکھ سکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں درکار ضروری طبی آلات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے وزیر آبپاشی اور سیکرٹری آبپاشی کو حالیہ سیلاب کے دوران عمدہ کارکردگی پر شاباش دی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب ویلیو ایڈیشن فنانسنگ برائے پنک سالٹ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا۔ سالٹ ویلی میں سرمایہ کاری کیلئے پانچ کروڑ تک بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر پنجاب میں پلیسر گولڈ پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی گئی۔ وزیراعلیٰ نے جلد از جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب آنے سے پہلے پیشگی اقدامات ضروری ہیں۔ پانی کی ہر بوند کو بہائوکے بچائو پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا شعبہ صحت کامیابیوں کی بنیاد پر کیس سٹڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں تین سے چار ماہ کے اندر سہولت بازار قائم ہوجائیں گے۔ چاہتے ہیں کہ ہر مریض کو انسولین گھر پر ملے، لائن میں نہ لگنا پڑے۔ پنجاب نے ثابت کر دیا، پرفارمنس اور احتساب میں کوئی ثانی نہیں۔ پنجاب حکومت نے صرف ڈیڑھ برس میں وہ کام کر لئے جو دہائیوں میں نہ ہو سکے۔ مزید برآں مریم نواز نے فلپائنی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔ مریم نواز شریف سے فلپائن کے سفیر ڈاکٹر ایمینوئیل آر فرنینڈز نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، دفاعی تعاون اور عوامی روابط پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، سیاسی، آئینی اور پارلیمانی تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
دوران ملاقات فلپائن اور پنجاب کے مابین اشتراک کار مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے فلپائن کو 2026ء کی آسیان چیئرمین شپ کیلئے دلی مبارکباد پیش کی۔ مریم نواز نے فلپائنی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں مکمل تعاون اور سہولیات کی یقین دہانی کرائی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان دوستی 76برسوں پر محیط ایک مضبوط اور باوقار رشتہ ہے، لاہور اور پنجاب کی سرزمین اپنے دروازے ہمیشہ دوست ممالک کے لئے کھلے رکھتی ہے، پاکستان اور فلپائن کے درمیان روحانی و تہذیبی اقدار، امن، انسانیت اور ہم آہنگی ہمارا مشترکہ ورثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فلپائن کے مابین 25ایم او یوز اور 2022ء کا دفاعی تعاون کا معاہدہ تعلقات کو ایک نئی جہت دے رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے فلپائن میں حالیہ زلزلوں اور طوفان سے انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں فلپائن کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے، فلڈز اور ٹائفونز نے پاکستان اور فلپائن دونوں کو یکساں طور پر متاثر کیا ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ لوس اینڈ ڈیمج فنڈ کی تشکیل میں پاکستان اور فلپائن کا کردار قابلِ فخر ہے، فلپائن کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ مہارت سے پنجاب ادارہ جاتی تبادلوں کے ذریعے استفادہ کرنا چاہتا ہے، پاکستان پائیدار امن اور ڈی ریڈیکلائزیشن کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پاکستان کی معاشی ریڑھ کی ہڈی ہے، 60فیصد قومی جی ڈی پی اسی صوبے سے بنتی ہے، آئی ٹی، توانائی، زرعت، فوڈ پروسیسنگ، فارماسیوٹیکل، آٹو پارٹس،لاجسٹکس اور کنسٹرکشن سیکٹر میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی اور پی بی آئی ٹی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت اور پالیسی استحکام فراہم کر رہے ہیں، پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا انفرا سٹرکچر، ٹیکس مراعات اور کسٹمز سہولتیں میسر ہیں، پاکستان دفاعی تربیت، جوائنٹ مشقوں، انسدادِ دہشت گردی اور انٹیلیجنس شیئرنگ کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کیلئے تیار ہے۔
مریم نوا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور فلپائن دوستی، اعتماد اور مشترکہ اقدار پر قائم رشتے کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں، پنجاب ہر شعبے میں باہمی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے پرعزم ہے۔مزید برآں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ٹیلی ویژن شہریوں کو باخبر رکھنے، جمہوری شرکت کی حمایت کرنے اور حکومتوں کو جوابدہ ٹھہرانے میں مدد کرتا ہے۔ مریم نواز نے ٹیلی ویژن کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ ٹیلی ویژن معلومات کی فراہمی کا اہم ذریعہ، تعلیم، تفریح اور آگاہی فراہم کرنے کا موثر وسیلہ ہے۔ اس دن کے منانے کا مقصد لوگوں کی تعلیم و تربیت اور معلومات کے حصول کیلئے ٹیلی ویژن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ ٹیلی ویژن ایک قابل اعتماد اور طاقتور میڈیا کے طورپر بھی ثابت ہورہا ہے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ نے فیصل آباد میں کیمیکل فیکٹری میں بوائلر دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر سے سانحہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button