تفتان، ٹھٹھہ، مریدکے، چناب نگر، اوکاڑہ ( نمائندگان/ویب ڈیسک) نوکنڈی کے قریب پک اپ گاڑی اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں 11افراد جاں بحق جبکہ 9زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق افغانستان سے ہے، بعد ازاں زخمیوں اور جاں بحق افراد کو بارڈر کے راستے افغانستان منتقل ( ڈی پورٹ) کر دیا گیا۔
جس کی تصدیق ایس پی چاغی نے بھی کی ہے۔ ادھر کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کی حدود میں راولپنڈی روڈ پر کوہاٹ کے دورافتادہ علاقہ شکردرہ سے گوجرانوالہ جانے والی کوسٹر اور کار کے مابین تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کار میں سوار تین خواتین سمیت چھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو گمبٹ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو خواتین سمیت تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ دوسری جانب ٹریفک حادثات میں مریدکے پریس کلب کے سیکرٹری کے بھتیجے سمیت تین افراد جاں بحق اور 10زخمی ہو گئے۔ پہلا حادثہ مریدکے شیخو پورہ روڈ پر چک نمبر29کے قریب پیش آیا جہاں بھائی کی شادی سے واپسی پر ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار دو حقیقی بھائیوں کو کچل دیا۔46سالہ محمد سلیم اور 45سالہ عظیم کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سلیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ عظیم کی حالت بھی تشویشناک ہے۔
دوسرے حادثہ کے دوران ٹرالر نے تیز رفتاری کے باعث کار کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں کار میں سوار ایک نوجوان موقع پر دم توڑ گیا جبکہ مریدکے پریس کلب ( متحدہ) کے سیکرٹری محمد عاصم ضیا کے بھتیجے بلال سرور کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملا۔
تیسرے حادثے میں کالاخطائی روڈ پر جمال پور پولیس چوکی کے قریب ریس لگاتی مسافر بس درخت سے ٹکرا کر قلابازیاں کھاتی ہوئی الٹ گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار9افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122کی ٹیموں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔ ادھر چناب نگر میں دھند کے باعث ٹریفک کے حادثات میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہو گئے، حقانیہ روڈ اڈہ پناہ کے قریب ایک تیز رفتار کار دھند کے باعث بے قابو ہو کر نہر جھنگ برانچ میں جا گری۔
جس کے باعث حادثہ میں 22سالہ کار ڈرائیور زین جاں بحق ہو گیا جبکہ قاسم نامی شخص زخمی ہو گیا، جس کو ریسکیو ٹیم نے ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا، دوسرے واقعہ میں چناب نگر روڈ پر چونگی نمبر 7کے قریب موٹرسائیکل سوار نے راہگیر خاتون کو ٹکر ماردی جس میں 80سالہ خاتون ستاں بی بی موقع پر ہی دم توڑ گئی، اس کے علا وہ سرگودھا روڈ پر سفینہ شوگر ملز کے قریب دھند کے باعث مزدا وین اور کماد سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم ہوگیا، جس کے باعث مزدا تباہ ہوگیا۔
حادثہ کے نتیجہ میں مزدا ڈرائیور سمیت چار افراد زخمی ہو گئے، علا وہ ازیںاحمد نگر کے قریب رکشہ اور موٹر سائیکل میں تصادم ہو گیا، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار محمد عباس نامی شخص زخمی ہوگیا۔ فیصل آباد روڈ پر ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر ماردی، جس سے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد بیوی اظہراں بی بی اور شوہر غلام شبیر زخمی ہو گئے۔ مزید برآں ڈمپر نے سر گو دہا روڈ پر ہی موٹرسائیکل سوار کو پیچھے سے ہٹ کیا جس کی وجہ سے پرویز نامی شخص جان کی بازی ہا ر گیا۔
ادھر اوکاڑہ کے نواحی قصبہ چک اسلام پورہ کے رہائشی علی رضا کا 6سالہ بیٹا علی گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک تیر رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر مار دی، جس سے علی موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ دوسری جانب اندرون سندھ کے علاقے ٹھٹھہ میں المناک ٹریفک حادثے میں دو موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ مکلی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں قومی شاہراہ پر ٹرک اور موٹر سائیکل میں خوفناک تصادم ہوا جس میں مزمل شیخ اور عبداللہ شاہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
ٹریفک حادثات



