
آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے میدان مارلیا۔
میرپور ڈویژن کے تمام 13 حلقوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج آگئے جن کے مطابق 9 حلقوں پر مسلم لیگ (ن) جبکہ 4 حلقوں پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار کامیاب ہوگئے۔
حلقہ ایل اے 1 میر پور 1، حلقہ ایل اے 4 میر پور 4، حلقہ ایل اے 5 بھمبر 1، حلقہ ایل اے 6 بھمبر 2، حلقہ ایل اے 7 بھمبر 3، حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2، حلقہ ایل اے 11 کوٹلی 4، حلقہ ایل اے 12 کوٹلی 5، حلقہ ایل اے 13 کوٹلی 6 سے ن لیگ کامیاب ہوئی ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی نے 2 نشستیں میرپور اور 2 کوٹلی سے جیتیں جن میں حلقہ ایل اے 2 میرپور 2، ایل اے 3 میر پور 3، ایل اے 8 کوٹلی 1 اور ایل اے 10 کوٹلی 3 شامل ہیں۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے میر پور، کوٹلی اور بھمبر کے مجموعی 13 حلقوں پر 27 جولائی کو ووٹنگ ہوئی۔ 5 بجے ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹنگ کے لیے ایک گھنٹہ اضافی دیا گیا تھا۔
انتخابات کے پہلے مرحلے کے نتائج سامنے آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں اور حامیوں نے جشن منایا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ن لیگی امیدواروں کو مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ن لیگ کی واضح برتری پر لیگی امیدواروں کو مبارکباد دی۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا جو جمہوری عمل کے کامیاب انعقاد کی نشانی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام اگلے مرحلے میں بھی اسی جوش و خروش سے حصہ لے کر جمہوری عمل کو کامیاب بنائیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی ٹیم نے آزاد جموں و کشمیر میں انتہائی کامیاب انتخابی مہم چلائی۔


