بلوچستان:سکیورٹی فورسز کارروائیوں میں بھارتی سپانسرڈ47دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ، راولپنڈی، لاہور ( ویب ڈیسک) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دو اہم کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 41دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی ہرنائی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے تحت کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سپانسرڈ 30خارجی دہشتگرد ہلاک کیے۔
اس دوران دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ہلاک شدگان سے بڑی مقدار میں ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ دوسری کارروائی پنجگور میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا۔ اس کارروائی میں 11دہشتگرد ہلاک ہوئے، جن کے قبضے سے ہتھیار، ایمونیشن اور 15دسمبر کو بینک ڈکیتی کے دوران لوٹی گئی رقم بھی برآمد ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور میں مارے جانے والے دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ پنجگور اور ہرنائی میں دہشتگردوں کا مکمل صفایا کرنے کے لیے فورسز کی جانب سے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہیں، تاکہ صوبے میں دہشتگردی کے امکانات کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے مطابق انسداد دہشتگردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی۔
پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پرعزم ہیں۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 41بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کی ہلاکت اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی کو فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اعلیٰ کارکردگی کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ دوسری جانب میانوالی میں بھی دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
چاپڑی ڈیم کے قریب محکمہ انسداد دہشتگردی ( سی ٹی ڈی) اور فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 6دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق8دہشتگرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ترجمان نے بتایا کہ دہشتگردوں سے ایک خودکش جیکٹ، 3دستی بم، 3ایس ایم جیز، 200گولیاں اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ادھر صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان اور بنّوں میں فتنہ الخوارج اور فتنہ ہندوستان سمیت بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی دو الگ کارروائیوں میں حاصل کردہ کامیابیوں پر افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی شجاعت و قربانی کو قابل ستائش قرار دیا۔
اپنے بیان میں صدر زرداری نے کہا کہ یہ موثر کارروائیاں ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر افواج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی سکیورٹی اور استحکام کے ویڑن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور پوری قوم اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔



